مسلسل بارش کے باعث افغانستان-نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ منسوخ
گریٹر نوئیڈا میں مسلسل بارش کی وجہ سے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ کو گیند پھینکے بغیر منسوخ ہو گیا۔ مسلسل بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث کھیل کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا
گریٹر نوئیڈا: افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ بارش کے باعث میچ کے پانچویں اور آخری دن کا کھیل بھی بارش کی نذر ہو جانے کے بعد ایک بھی گیند ڈالے بغیر منسوخ کر دیا گیا۔ افغانستان کرکٹ نے ایک بیان میں کہا کہ گریٹر نوئیڈا میں ابھی بھی بارش ہو رہی ہے اور مسلسل بارش کی وجہ سے افغانستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن کا کھیل بھی منسوخ کر دینا پڑا۔
شہر میں گزشتہ ہفتے مسلسل بارش ہوئی تھی اور گراؤنڈ میں ناقص نکاسی آب کے نظام کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہو گئی تھی، جس اثر پہلے دو دنوں کے کھیل میں پڑا۔ اس کے بعد گزشتہ 3 دنوں میں بارش نے مداخلت کی اور ایک بھی گیند ڈالے بغیر میچ کو ختم کرنا پڑا۔
یہ واقعہ تاریخ میں صرف آٹھویں بار ہوا ہے کہ ایک ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن کوئی کھیل نہیں ہو سکا اور یہ 1998 کے بعد پہلا موقع ہے۔ اس میچ کی منسوخی نے شائقین کرکٹ کو مایوس کر دیا، کیونکہ دونوں ٹیموں نے اس میچ کو اپنے لیے اہم موقع سمجھا تھا۔
موجودہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ نہیں تھا لیکن کیویز کو آنے والے مہینوں میں سری لنکا اور ہندوستان کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل برصغیر کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرتا۔ دوسری طرف افغانستان، جس نے اس سال کے شروع میں سری لنکا اور آئرلینڈ کے خلاف دو واحد ٹیسٹ کھیلے ہیں، 2021 کے بعد اپنی پہلی سرخ گیند کی جیت کے لیے کوشاں ہے۔
افغانستان شارجہ جائے گا جہاں وہ 18 ستمبر سے شروع ہونے والے تین ون ڈے میچوں کے لیے جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 ستمبر سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے سری لنکا جائے گی۔ یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا، ’’ٹیسٹ ٹیم گال میں ہونے والی دو ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز سے قبل کل سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔