ٹی-20 عالمی کپ کے لیے افغانستانی ٹیم کا اعلان، آئی پی ایل میں کھیل رہے 8 کھلاڑیوں کو ملا موقع
ہندوستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے بعد اب افغانستان نے بھی 2 جون سے شروع ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے اپنے 15 کھلاڑیوں کا نام جاری کر دیا ہے، راشد خان کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔
ٹی-20 عالمی کپ 2024 کا آغاز 2 جون سے ہونے والا ہے اور سبھی ٹیموں کو آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کے پاس اپنی 15 رکنی ٹیم کا نام بھیجنے کی آخری تاریخ بہت قریب آ چکی ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان میں جاری آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں کھیل رہے 8 کھلاڑیوں کو افغان ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ حالانکہ یک روزہ کرکٹ کے عالمی کپ میں افغان ٹیم کی کپتانی کرنے والے حشمت اللہ شاہدی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم مئی تک سبھی ممالک کے کرکٹ بورڈس کو اپنی ٹیموں کا اعلان کرنا ہے اور آج یکم مئی ہے۔ یعنی آج سبھی ٹیموں کے 15 کھلاڑیوں کا نام سامنے آ جائے گا۔ ہندوستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے پہلے ہی اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، اور افغانستانی ٹیم کا اعلان بھی 30 اپریل کی شب کر دیا گیا۔ گزشتہ کچھ وقت سے ٹی-20 فارمیٹ میں افغان ٹیم کی کپتانی کر رہے مشہور لیگ اسپنر راشد خان کو ہی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ راشد پہلی مرتبہ کسی عالمی کپ میں افغان ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
منتخب افغانی ٹیم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آل راؤنڈر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ کپتان راشد خان خود ایک بہترین آل راؤنڈر ہیں، اور اس ٹیم میں محمد نبی، گلبدین نائب اور عظمت اللہ عمرزئی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں 8 ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو اس وقت آئی پی ایل میں کسی نہ کسی ٹیم سے جڑے ہوئے ہیں۔ راشد خان اور محمد نبی کے علاوہ عمرزئی، نور احمد، گلبدین نائب، رحمن اللہ گرباز، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی آئی پی ایل 2024 میں کھیل رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں صرف گلبدین نائب، رحمن اللہ گرباز اور فضل حق فاروقی ایسے کھلاڑی ہیں جنھیں آئی پی ایل میں ابھی تک ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔
افغان ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے، جن میں 19 سالہ محمد اسحاق بھی شامل ہیں۔ وہ وکٹ کیپر بلے باز کی شکل میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔ اسحاق نے 4 ٹی-20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں جن میں 141 کی اسٹرائک ریٹ سے 75 رن بنائے ہیں۔ دوسرے کھلاڑی 20 سالہ نانگیال کھروٹے ہیں جو بائیں ہاتھ سے اسپن گیندبازی کرتے ہیں۔ انھوں نے 3 ٹی-20 میچ میں 5 وکٹ لیے ہیں۔
ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے افغانستان کی ٹیم اس طرح ہے:
راشد خان (کپتان)، رحمن اللہ گرباز، ابراہیم زادران، نجیب اللہ زادران، محمد نبی، محمد اسحاق، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، کریم جنت، نانگیال کھوٹی، مجیب الرحمن، نور احمد، نوین الحق، فضل حق فاروقی، فرید احمد ملک۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔