دوسرا ٹیسٹ: ہندوستان نے ٹاس جیتا، بنگلہ دیش کو پہلے بلے بازی کی دعوت، آکاش دیپ نے دئے ابتدائی جھٹکے

کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آکاش دیپ نے ذاکر حسن اور شادمان اسلام کے طور پر بنگلہ دیش کو دو جھٹکے دے دئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

کانپور: ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جہاں بارش اور خراب موسم کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف نے گزشتہ رات کی بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ کو خشک کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ آن فیلڈ امپائر نے صبح 9.30 پر فیلڈ کا معائنہ کیا اور 10.00 بجے ٹاس کا اعلان کیا۔ میچ کی شروعات ساڑھے دس بجے سے ہوئی اور آخری اطلاع موصول ہونے تک بنگلہ دیش کا اسکور 15 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 42 رن تھا۔ بنگلہ دیش کو کے دنوں وکٹ آکاش دیپ نے حاصل کئے۔


آکاش دیپ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ذاکر حسن کو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ ذاکر نے یشسوی جیسوال کو کیچ تھمانے سے قبل 24 گیندوں کا سامنا کیا اور وہ کوئی بھی رن نہیں بنا سکے۔ اس کے بعد آکاش دیپ نے اپنے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر شادمان اسلام کو بولڈ کر دیا۔ شادمان نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24 رنوں کا تعاون کیا۔

خیال رہے کہ ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کی ہے اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی۔ ٹیم تین تیز گیند بازوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے تاکہ پچ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھا سکے۔ بنگلہ دیش نے ناہید رانا اور تسکین احمد کی جگہ تیج الاسلام اور خالد کو شامل کیا ہے۔


ٹاس کے بعد، ہندوستانی کپتان روہت شرما نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی، لیکن بعد میں انہوں نے شاندار واپسی کی۔ یہ دلچسپ بات ہے کہ 1964 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ گرین پارک کی پچ پر چوتھی اننگ میں کھیلنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

یہاں اب تک 23 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے ہندوستان نے سات میچ جیتے ہیں، جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 13 میچوں میں ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ہندوستان نے یہاں اپنا آخری میچ 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا، جس میں جیت یا ہار کا فیصلہ نہیں ہوا تھا۔


ٹیمیں درج ذیل ہیں:

ہندوستان:

روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، رویندرا جدیجہ، آر اشون، آکاش دیپ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔

بنگلہ دیش:

نظم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، لٹن داس (وکٹ کیپر)، حسن محمود، خالد احمد اور تیج الاسلام۔

یہ خبر کھیل کی دنیا میں اہمیت رکھتی ہے، خاص طور پر اس لئے کہ ہندوستان نے اپنے گھر میں ایک اور کامیابی کے مواقع کو تلاش کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔