پہلا ون ڈے مقابلہ: سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی 9 رنز سے ہار، جنوبی افریقہ سیریز میں 1-0 سے آگے
سنجو سیمسن (86 ناٹ آؤٹ) اور شریاس ایر (50) کی نصف سنچریوں کے باوجود جنوبی افریقہ نے جمعرات کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں ہندوستان کو نو رنز سے شکست دے دی
لکھنؤ: سنجو سیمسن (86 ناٹ آؤٹ) اور شریاس ایر (50) کی نصف سنچریوں کے باوجود جنوبی افریقہ نے جمعرات کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں ہندوستان کو نو رنز سے شکست دے دی۔ یہاں ایکانا اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو 40 اوور میں 250 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز ہی بنا سکی۔
ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن نے 139 رنز کی سنچری شراکت قائم کر کے جنوبی افریقہ کو ایک مشکل وکٹ پر مشکل اسکور تک پہنچا دیا۔ ملر نے 63 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 75 رنز بنائے جبکہ کلاسن نے 65 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 74 رنز بنائے۔
سیمسن اور ائر نے ہندوستان کو اس ہدف تک لے جانے کے لیے سخت جدوجہد کی۔ سیمسن نے 63 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے، جب کہ ایر نے 37 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ اس کے بعد شاردول ٹھاکر نے بھی جدوجہد کرتے ہوئے 31 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے لیکن اپر آرڈر کی ناکامی کی وجہ سے ہندوستان کے لیے ہدف تک پہنچنا ناممکن ثابت ہوا۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات انتہائی سست اور خراب رہی۔ اوپنرز شیکھر دھون (04) اور شبھمن گل (03) تیزی سے پویلین لوٹ گئے اور ٹیم پہلے پانچ اوورز میں صرف آٹھ رنز ہی بنا سکی۔ اس کے بعد روتوراج گائیکواڑ اور ایشان کشن نے صبر کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 69 گیندوں پر 40 رنز کی شراکت داری کی لیکن دونوں بلے باز 16ویں اور 17ویں اوور میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے اس سے پہلے کہ رن ریٹ بڑھ سکے۔ رتوراج نے 42 گیندوں پر 19 جبکہ ایشان نے 37 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی جدوجہد کی وجہ سے ہندوستان نے پہلے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر صرف 76 رنز بنائے۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آتے ہوئے شریاس ائر نے جارحانہ انداز اپنایا اور تبریز شمسی کے 21ویں اوور میں تین چوکے لگائے۔ ائر اور سیمسن نے پانچویں وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت کے ساتھ ہندوستان کی امیدوں کو زندہ رکھا۔
ائر نے 37 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے لیکن رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ شاردول اور سیمسن نے جنوبی افریقہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے 93 رنز کی شراکت قائم کی جب ہندوستان کو 13 اوورز میں 131 رنز درکار تھے، حالانکہ ہندوستان کی امیدیں 31 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے والے شاردول کی وکٹ گرنے سے دم توڑ گئیں۔
جب ہندوستان کو آخری دو اووروں میں 37 رنز درکار تھے تو ٹیم نے اننگز کے 39ویں اوور میں صرف سات رنز کا اضافہ کیا اور اویش خان کی وکٹ گنوا دی۔ آخری اوور میں سنجو سیمسن کے تین چوکوں اور ایک چھکے کے باوجود ہندوستان 40 اوورز میں 240 رنز تک پہنچ سکا اور پروٹیز نے یہ میچ نو رنز سے جیت لیا۔ اس سے قبل خراب موسم کی وجہ سے میچ تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور اوورز کی تعداد 40-40 کر دی گئی۔
کپتان شیکھر دھون نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا۔ محمد سراج نے اویش خان کے ساتھ بولنگ اٹیک کا آغاز کیا اور پچ میں موجود نمی کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جنوبی افریقہ کے اوپنرز جانیمان ملان اور کوئنٹن ڈی کاک کو آزادانہ طور پر کھیلنے نہیں دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے دس اوورز میں صرف 26 رنز بنائے، حالانکہ اس دوران اس نے کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔
ہندوستان کو پہلی کامیابی 13ویں اوور میں شاردول ٹھاکر نے دی اور ملان (22) نے مڈ وکٹ پر کھڑے شریاس ائر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ شاردول (35/2) نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما کو آؤٹ کرنے کے لیے میچ میں اپنی دوسری وکٹ حاصل کی، جبکہ کلدیپ یادو نے اپنے پہلے ہی اوور میں نئے بلے باز ایڈن مارکرم کو صفر پر واپس بھیج دیا۔ روی بشنوئی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی وکٹ کے طور پر ڈی کاک (48) کو آؤٹ کیا۔
110 رنز پر جنوبی افریقہ کے چار بلے باز پویلین لوٹنے کے بعد ملر اور کلاسن نے برتری حاصل کی اور اننگز کی رفتار بڑھا دی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 17.4 اوورز میں 139 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی جب جنوبی افریقہ نے 40 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کا بڑے اسکور تک پہنچنے کی ایک وجہ ناقص فیلڈنگ بھی تھی جس کی وجہ سے ملر کو ڈیتھ اوورز میں نہ صرف تین زندگیاں ملیں بلکہ کافی رنز بھی ضائع ہوئے۔ اننگز کے 37ویں اوور میں محمد سراج کی گیند پر رتوراج گائیکواڈ نے ملر کا کیچ چھوڑ دیا، جب کہ اگلے ہی اوور میں اویش خان کی لگاتار دو گیندوں پر سراج اور بشنوئی نے آسان کیچ چھوڑے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔