پہلا ونڈے: کپتان شکھر دھون اور شریس ایئر کی جارحانہ بلے بازی، ہندوستان نے نیوزلینڈ کے خلاف 306 رن بنائے

کپتان شکھر دھون (72) اور شبھمن گل (50) کے درمیان سنچری شراکت داری کے بعد مڈل آرڈر میں شریس ایر (80) اور سنجوسیمسن (36) کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت ہندوستان نے میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف 306 رن بنائے

تصویر ٹوئٹر / @BCCI
تصویر ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

آکلینڈ: کپتان شکھر دھون (72) اور شبھمن گل (50) کے درمیان سنچری شراکت داری کے بعد مڈل آرڈر میں شریس ایر (80) اور سنجوسیمسن (36) کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت ہندوستان نے تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف سات وکٹ پر 306 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔

ایڈن پارک میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شکھر اور شبھمن کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے نیوزی لینڈ کے گیندبازی حملہ کا بخوبی جواب دیا اور پہلے وکٹ کے لئے شاندار 124 رنز جوڑے۔ دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان نے رشبھ پنت (15) اور جارح بلے باز سوریہ کمار یادو (4) کی شکل میں دو وکٹیں جلدہی گنوائیں جس سے رنز کی رفتار متاثر ہوئی۔ لیکن شریس ایر نے ایک طرف مورچہ سنبھالا اور سنجو سیمسن کے ساتھ مل کر 64 رن کی عمدہ شراکت نبھائی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لئے 307 رن کا ہدف رکھا۔


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہچان بنانے والے ارشدیپ سنگھ اور تیز گیند باز عمران ملک کو پہلی بار ہندوستان کی ون ڈے ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے کرس براؤن کو پہلی بار پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیےمشہور سوریا کمار یادو نے آج مایوس کیا اور فرگیوسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے آوٹ ہوگئے لیکن دوسری طرف شریس ایر نے سنجوسیمسن کے ساتھ مل کر ٹیم کے لئے مزید رن جوڑنا شروع کیا۔

آخری اوور میں ساؤتھی کی گیند پر آوٹ ہونے سے پہلے شریس ٹیم کو اسکور کو 300 سے اوپر لے جاچکے تھے۔انہوں نے 76 گیندوں میں چار چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ اس سے پہلے ایڈم ملنے کی گیند پر آوٹ ہونے والے سنجو نے 38 گیندوں پر 36 رن کی اننگز کھیلی۔


کپتان دھون نے 77 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے جبکہ شبھمن نے ایک چوکے اور تین شاندارچھکوں کی مدد سے 65 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم، 24 ویں اوور میں وہ لوکی فرگوسن کی گیند پر ڈیون کونوے کے ہاتھوں اسکوائر لیگ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شبھمن کے آؤٹ ہونے کے بعد دھون بھی اگلے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر فل ایلن کو کیچ دے بیٹھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔