دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی کا چھٹا مقام!
مشہور جریدے ’دی اکنامسٹ‘ کی جانب سے دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر ہے۔
’دی اکنامسٹ‘ کے انٹیلی جنس یونٹ نے دنیا بھر میں رہائش کے لحاظ سے ایک سروے کیا، جس میں کراچی کو رہائش اور خوراک کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ اس عالمی شہرت یافتہ میگزین کے سروے میں دنیا بھر کے 133 شہروں کا جائزہ لیا گیا ہے، جن میں رہائش،کھانے، ٹرانسپورٹ، یوٹیلٹی بلوں، ٹرانسپورٹ اور خوراک سمیت 150 عوامل کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے اور گزشتہ برس بھی کراچی سستے ترین شہروں کی فہرست میں شامل تھا۔ اس فہرست میں وینزویلا کا دارالحکومت کراکس پہلے، دمشق دوسرے، تاشقند تیسرے، الماتی چوتھے، بنگلور پانچویں، کراچی چھٹے، لاگوس ساتویں، بیونس آئرس آٹھویں، چنائے نویں اور نئی دہلی دسویں نمبر پر ہے۔ مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں سنگاپور پہلے، پیرس دوسرے، ہانگ کانگ تیسرے، جنیوا چوتھے اور اوساکا پانچویں نمبر پر ہے۔
میگزین کی رپورٹ کے مطابق 2003ء سے پیرس کا شمار دنیا کے 10 مہنگے ترین شہروں میں ہو رہا ہے جبکہ دنیا کا سستا ترین شہر وینزویلا کا دارالحکومت کراکس ہے، جہاں گزشتہ سال کے معاشی اور سیاسی بحران کی وجہ سے مہنگائی نے حکومت کو نئی کرنسی متعارف کرانے پر مجبور کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ نائیجیریا کا شہر لاگوس بھی اسی نمبر پر آتا ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق 30 سالہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے تین شہر مہنگائی کے لحاظ سے ایک ساتھ پہلے نمبر پر آئے ہیں، جو پیرس، سنگاپور اور ہانگ کانگ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Mar 2019, 10:10 PM