یس بینک بحران: رانا کپور 11 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں
یس بینک کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) راناکپور کو تقریباً 29 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرکے اتوار کے روز عدالت میں پیش کیا گیا
ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے شدید بحران کا شکار پرائیویٹ سیکٹر کے چوتھے بڑے بینک، یس بینک کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) راناکپور کو تقریباً 29 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرکے اتوار کے روز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انھیں 11 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
یس بینک کے بحران میں آنے کے بعد ای ڈی نے گزشتہ چھ مارچ کی دیر شام ممبئی واقع رانا کپور کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد ان سے ای ڈی کے علاقائی دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی اور دوسرے دن صبح چھوڑ دیا گیا تھا، لیکن تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے آج صبح رانا کپور کو گرفتار کر لیا اور مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں انھیں 11 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
اترپردیش کی سرکاری بجلی کمپنی اترپردیش پاور کارپوریشن نے اہلکاروں کا ملازم پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کی رقم دیوان ہاؤسنگ فائینینس کارپوریشن (ڈی ایچ ایف ایل) میں سرمایہ کاری کی تھی اور اس کا تعلق رانا کپور سے بتایا جارہا ہے۔ یہ سرمایہ کاری مارچ 2017 سے دسمبر 2018 کے درمیان کی گئی۔ ای ڈی اس کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔ ای ڈی نے انسداد منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت یوپی پاور کے افسران اور ڈی ایچ ایف ایل کے خلاف علیحدہ معاملہ درج کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایچ ایف ایل نے ڈو اِٹ وینچرس کو 600 کروڑ روپیے کا قرض تھا اور ڈواِٹ پر رانا کپور کے اہل خانہ کا کنٹرول ہے۔ یس بینک نے ڈی ایچ ایف ایل کو 3700 کروڑ روپیے کا قرض اور ڈی ایچ ایف ایل کے کنٹرول والی کمپنی آر کے ڈبلیو ڈیولپرس کو 750 کروڑ روپیے کا مزید ایک قرض دیا تھا۔
گزشتہ پانچ مارچ کو ریزروبینک نے یس بینک کے ڈائریکٹر پور کو تحلیل کر دیا تھا اور اسٹیٹ بینک کے سابق مالی افسر پرشانت کمار کو بینک کا ایڈمنسٹریٹر متعین کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔