یشونت سنہا نے مودی کا موازنہ ’پاگل بادشاہ‘ سے کیا!
سنہا نے مودی کا موازنہ دہلی سلطنت کے حکمراں محمد بن تغلق سے کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سو برس قبل اس نے بھی چل رہی کرنسی کو پوری طرح تبدیل کردیا تھا۔
نئی دہلی: سابق وزیر خزانہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا نے وزیراعظم پر بالواسطہ طورپر حملہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ نوٹوں کی منسوخی کا کوئی بھی ’اعلان شدہ مقصد‘حاصل نہیں ہوسکا ہے اور اس سے الٹی ’ٹیکس دہشت گردی‘ بڑھی ہے۔
انہوں نے مودی کا نام لئے بغیر یہ بھی کہا کہ اس حکومت میں صرف ایک ہی شخص پالیسیاں بناتا ہے اور نوٹوں کی منسوخی سے پہلے کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کئی پالیسی ساز نہیں ہیں یہاں ایک ہی شخص پالیسیاں بناتا ہے۔
معروف ماہر اقتصادیات اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے ریٹائرڈ پروفیسر ارون کمار کی کتاب ’ڈی مونیٹائزیشن اینڈ دی بلیک منی‘ کے اجرا کے موقع پر سنہا نے مودی اور دہلی سلطنت کے حکمراں محمد بن تغلق کا نام لئے بغیر ان کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے پانچ سو برس قبل ایک حکمراں کو دہلی سے راجدھانی دولت آباد اور پھر واپس دہلی منتقل کرنے کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔ لیکن اس نے ایک کام اور کیا تھا۔ اس نے بھی چل رہی کرنسی کو پوری طرح تبدیل کردیا تھا۔
یشونت سنہا نے دہلی سلطنت کے جس حکمراں کے راجدھانی کو دولت آباد منتقل کرنے کا ذکر کیا اس کا نام محمد بن تغلق تھا۔ وہ ایک ایسا حکمراں تھا جسے اس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تاریخ میں ’پاگل بادشاہ‘ کے لقب سے نوازا جاتا ہے۔ اس کے فیصلے اس قدر غلط ثابت ہوئے کہ آج بھی اگر حکومت یا انتظامیہ کی طرف سے کوئی غلط حکم نامہ جاری ہوتا ہے تو اسے ’تغلقی فرمان‘ کہا جاتا ہے۔
طویل عرصہ سے مودی حکومت کی سخت تنقید کرنے والے سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ نوٹوں کی منسوخی کے اعلان کے وقت 8 نومبر 2016 کو حکومت نے اس کے جتنے مقاصد بتائے تھے ان میں سے ایک بھی حاصل نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ نہ تو بدعنوانی، نہ ہی بلیک منی ختم ہوئی ہے اور نہ ہی دہشت گردی میں کوئی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ حد تک معیشت کا ڈیجیٹلائزیشن ضرور بڑھا ہے لیکن اسے نوٹوں کی منسوخی کے مقاصد میں بعد میں شا مل کیا گیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر مجھ سے پوچھا جاتا تو میں یہ کہتا کہ یہ قدم نہیں اٹھایئے۔ یہ ناکام ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 17مہینہ کے بعد یہ نتیجہ ہے کہ ایک اقتصادی قدم کے طورپر نوٹوں کی منسوخی بالکل ناکام ہوچکی ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Mar 2018, 9:38 AM