کون ہیں نیرو مودی؟ مودی کے ساتھ داووس میں موجود تھے!

نیرو مودی ذاتی طور پر اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیت ہیں۔ حال ہی میں داووس میں جب وزیر اعظم نریندر مودی ورلڈ اکونومک فورم میں حصہ لینے گئے تھے تو ہندوستانی صنعت کاروں میں نیرو مودی بھی شامل تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دھوکہ دہی کے ملزم 48 سالہ نیرو مودی دنیا کے ڈائمنڈ کیپٹل کہے جانے والے بلجیم کے اینٹورپ شہر کے مشہور ڈائمنڈ بروکر فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ تیسری نسل کا یہ کاروباری کبھی جویلری ڈیزائنر نہیں بننا چاہتا تھا۔ اس کی خواہش موسیقی کی دنیا میں نام کمانے کی تھی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اس کے ذریعہ لوگوں کے اندر تبدیلی لائی جا سکتی ہے، لیکن ایک دوست کے کہنے پر اس نے جویلری ڈیزائن کرنی شروع کی اور بعد میں اسی کام کو آگے بڑھایا۔

جس دوست کے کہنے پر نیرو مودی نے پہلی بار کان کا جھمکا ڈیزائن کیا تھا، اس میں لگائے گئے ہیروں کی تلاش میں نیرو مودی کئی شہروں میں بھٹکا اور اس کی دریافت پوری ہوئی ماسکو میں۔ ان ہیروں کو دیکھ کر اس کے دوست کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔ یہیں سے اس کے ڈیزائنر بننے کی کہانی شروع ہوئی۔ آج نیرو مودی اس واحد ہندوستانی جویلری برانڈ کے مالک ہیں جو بین الاقوامی سطح پر مقبول ہے۔ اس کے ڈیزائن کیے گئے زیورات ہالی ووڈ کی ہستیوں سے لے کر ہندوستانی امراء کی بیگمات کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ نیرو کا ڈیزائن کیا گیا گولکونڈا نیکلیس 2010 میں ہوئی نیلامی میں 16.29 کروڑ میں فروخت ہوا تھا جب کہ 2014 میں ایک نیکلیس 50 کروڑ روپے میں نیلام ہوا تھا۔

امریکہ کے مشہور وارٹن اسکول کی تعلیم درمیان میں ہی چھوڑنے والے نیرو مودی کے نام سے اس کا جویلری برانڈ اتنا مشہور ہے کہ اس کے دَم پر وہ ’فوربس‘ کی ہندوستانی امراء پر مبنی 2017 کی فہرست میں 84ویں نمبر پر موجود ہے۔ اس کی مالی حیثیت 1.73 ارب ڈالر (تقریباً 110 ارب روپے) ہے اور اس کی کمپنی کے پاس 2.3 ارب ڈالر (تقریباً 149 ارب روپے) ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔