’میرے پیسے سے جیٹ ایئرویز کو بچاؤ‘، بھگوڑے مالیا کا بینکوں کو آفر
مالیا نے کہا کہ اس نے بینکوں اور دیگر افراد کا قرض ادا کرنے کے لئے اپنی املاک رکھ دی ہے، بینک اسے کیوں نہیں لے رہے؟ اور کچھ نہیں تو جیٹ ایئرویز کو بچانے میں تو مدد کی ہی جا سکتی ہے۔
ملک کے اربوں روپے لے کر فرار ہو جانے والے مفرور مالیا نے ہندوستانی بینکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا پیسہ لے کر جیٹ ایئرویز کو ڈوبنے سے بچا لیں۔ ہندوستانی بینکوں کو تقریباً 9 ہزار کروڑ کی چپت لگانے والے مالیا کو ہندوستان نے اقتصادی مفرور قرار دیا ہوا ہے۔ ہندوستانی بینکوں پر الزام عائد کرتے ہوئے مالیا نے کہا کہ ہندوستانی بینک مجھ سے پیسہ واپس نہیں لے رہے ہیں۔
جیٹ ایئر ویز کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مالیا نے ٹوئٹ کیا، ’’اور میں ایک مرتبہ پھر دوہراتا ہوں کہ کرناٹک ہائی کورٹ کے سامنے بینکوں اور دیگر لوگوں کا قرض ادا کرنے کے لئے میں نے اپنی املاک سونپ دی تھی، بینک اسے کیوں نہیں لے رہے ہیں؟ اور کچھ نہیں تو اس سے جیٹ ایئرویز کو بچانے میں تو مدد ہو ہی سکتی ہے۔ ‘‘
جیٹ ایئرویز کے حوالہ سے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے مالیا نے کہا، ’’میں نے کنگ فیشر ایئرلائنز اور اس کے ملازمین کے لئے تقریباً چار ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی، لیکن اسے جائز نہیں مانا گیا اور ہر طریقہ سے اسے مسترد کر دیا گیا۔ انہیں بینکوں نے ہندوستان کی ایک بہترین ایئرلائن کو ناکام کر دیا۔ این ڈی اے حکومت دوہرے معیار اختیار کیے ہوئے ہے۔‘‘
مالیا نے کہا، ’’بی جے پی کے ترجمان نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو لکھے میرے خطوط کو پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ یو پی اے حکومت کے دوران پرائیویٹ بینکوں نے غلط طریقہ سے کنگ فیشر کو حمایت دی۔ میڈیا نے ہی مجھے موجودہ وزیر اعظم کے خلاف لکھنے کے لئے اکسایا۔ مجھے حیرانی ہے کہ این ڈی اے حکومت میں اب کیا بدل گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کنگ فیشر ایئرلائنز کے مالک اور شراب تاجر وجے مالیا بینکوں سے تقریباً 9 ہزار کروڑ روپے کا لون لے کر بھاگ گیا تھا۔ ہندوستانی ایجنسیاں لگاتار مالیا کی حوالگی کے لئے کوششیں کر رہی ہیں، اس کے بعد برطانوی حکومت نے حال ہی میں وجے مالیا کی حوالگی کو منظوری دے دی تھی لیکن مالیا نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔