امریکہ کا یوروپی یونین پر 7 ارب 50 کروڑ کا ٹیرف لگانے کا اعلان

یوروپی یونین کی دھمکیوں کے باوجود امریکہ نے ایئربس سمیت دیگر مصنوعات پر 7 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا ریکارڈ ٹیرف نافذ کر دیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: یوروپی یونین کی دھمکیوں کے باوجود امریکہ نے ایئربس سمیت دیگر مصنوعات پر 7 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا ریکارڈ ٹیرف نافذ کر دیا ہے۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ٹی او کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجاویز کی توثیق کر دی گئی ہے جس سے چین سے تجارتی کشیدگی کے بعد ایک نیا محاذ کھل گیا ہے جو عالمی معیشت کے لئے تباہی کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے واشنگٹن میں موجود فرانس کے وزیر معاشی امور برونو لیمائر نے امریکی فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ملک کی جانب سے یہ ایک جارحانہ قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعہ حل نکالنے میں ناکامی پر جوابی ردعمل کو دعوت دینے سے عالمی معیشت مزید سست ہوسکتی ہے۔ فرانسیسی وزیرنے مزید کہا ’’عالمی معیشت کو سست کرنے کے علاوہ ٹیرف میں اضافہ اور چین سے جاری تجارتی جنگ کے دوران یوروپی یونین سے تجارتی جنگ چھیڑنا ایک غیر ذمہ دارانہ فعل ہوگا‘‘


یوروپی یونین کی رکن ریاست کے وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم اپنے سر پر رکھی ہوئی بندوق کے ساتھ مذاکرات کرنا نہیں چاہتے کیونکہ جب آپ کے ہاتھ میں بندوق ہوتی ہے تو آپ کے پاس کوئی موقع نہیں ہوتا سوائے جواب دینے کے‘‘۔ خیال رہے کہ امریکہ نے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ واشنگٹن میں یوروپی یونین کے عہدیداروں سے جاری مذاکرات میں ناکامی کے فوری بعد کیا تھا۔ امریکی فیصلہ کی زد میں سب سے زیادہ نقصان برطانیہ، جرمنی، فرانس اور اسپین کی جانب سے شرع کیے گئے ایئرلائن ایئر بس کو ہوگا جس پر سب سے زیادہ 10 فیصد اضافی ٹیرف ہوگا۔

امریکی ٹیرف میں شامل دیگر مصنوعات میں فرانس میں تیار ہونے والی وائن بھی شامل ہے۔ امریکہ نے فرانس، اسپین اور جرمنی سے درآمد ہونے والی وائن میں 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یوروپی یونین تجارت کے معاملہ میں امریکہ کے ساتھ انصاف نہیں کررہے ہیں لیکن مذاکرات کے ذریعہ معاملات طے کرنے کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔


خیال رہے کہ ڈبلیو ٹی او نے 2 اکتوبر کو یوروپی مصنوعات پر 7 ارب 50 کروڑ ڈالر کا سالانہ ٹیرف عائد کرنے کی اجازت دی تھی جس کا اب باقاعدہ نفاذ کردیا گیا ہے۔یوروپی یونین نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کسی قسم کے امریکی اقدام سے خبردار کردیا ہے۔بروسیلز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اگر امریکہ، ڈبلیو ٹی او کی اجازت سے کوئی اقدام اٹھاتا ہے تو وہ یوروپی یونین کو اس موڑ کی طرف دھکیل دے گا جہاں ہمارے پاس اسی طرح کا جواب دینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا‘‘۔ اس کیس کا آغاز 2004 میں ہوا تھا جب امریکہ نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اسپین پر الزامات عائد کئے تھے کہ ایئر بس کی کئی مصنوعات میں تعاون کے لئے غیر قانونی سبسڈی دی گئی ہیں۔ رواں برس جولائی میں یوروپی یونین نے امریکی مصنوعات پر 35 ارب یورو کا اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔