کانپور: سات مہینے سے بند پڑیں چَمڑا فیکٹریاں کھولنے کی مشروط اجازت
یوپی حکومت نے چمڑا فیکٹریوں کے مالکان سے این جی ٹی کی طرف سے طے شدہ معیاروں پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کانپور: اتر پردیش کے کانپور، اناؤ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سات مہینے سے بند پڑیں چمڑے کی فیکٹریوں کو دوبارہ سے کھولنے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوپی حکومت نے چمڑا فیکٹریوں کے مالکان سے این جی ٹی کی طرف سے طے شدہ معیاروں پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خبررساں ایجنسی اے آئی این ایس کے مطابق حکومت نے کانپور کے جاج مئو میں علیحدہ سے 20 ایم ایل ڈی ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ لیا ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ چمڑے کی فیکٹریوں سے نکلی گندگی براہ راست گنگا ندی میں نہیں بہائی جائے گی۔
کانپور کے ضلع مجسٹریٹ وجے وشواس پنت کے مطابق اتر پردش حکومت نے چمڑے کی فیکٹریوں سے نکلنے والی گندگی کو سیدھے گنگا میں گرنے سے روکنے کے لئے 617 کروڑ روپے کے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل منظور شدہ رقم میں سے 480 کروڑ کا استعمال ایک 20 ایم ایل ڈی ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ قائم کرنے میں جبکہ بقیہ رقم کا استعمال پلانٹ کی دیکھ بھال میں کیا جائے گا۔
غورطلب ہے کہ ریاستی حکومت نے گذشتہ سال نومبر میں گنگا ندی کے کناروں پر واقع چمڑے کی تقریباً 260 فیکٹریوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ کمبھ کے میلے کے لئے گنگا ندی میں پانی کو صاف رکھا جا سکے۔
یہ پابندی اسی سال کمبھ میلے کے اختتام پر مارچ میں ختم ہونی تھی لیکن بعد میں بھی پابندی جاری رہنے سے چمڑے کی فیکٹریوں، مالکان اور مزدوروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چمڑے کی فیکٹریوں کو پھر سے کھولنے کی اجازت کے ریاستی حکومت کے فیصلہ کا کانپور چمڑے کی صنعت نے خیرمقدم کیا ہے لیکن آلودگی روکنے کے لئے ای ٹی پی (ایفلواینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ) کے قائم کرنے کے لئے تیزی سے کام کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Jul 2019, 10:10 PM