عام بجٹ LIVE: مرکزی وزیر مالیات کے ’یوپی ٹائپ‘ والے بیان پر پرینکا گاندھی ناراض

پرینکا گاندھی، تصویر قومی آوز/ویپن
پرینکا گاندھی، تصویر قومی آوز/ویپن
user

قومی آواز بیورو

01 Feb 2022, 10:09 PM

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ’یوپی ٹائپ‘ والے بیان پر پرینکا گاندھی ناراض

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کے ذریعہ ایک بیان میں ’یوپی ٹائپ‘ لفظ استعمال کیے جانے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس لفظ کے ذریعہ یوپی کے لوگوں کو بے عزت نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہمیں ’یوپی ٹائپ‘ ہونے پر فخر ہے۔ ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے ’’نرملا سیتارمن جی آپ نے یوپی کے لیے بجٹ کے جھولے میں کچھ ڈالا نہیں، ٹھیک ہے... لیکن یوپی کے لوگوں کو اس طرح بے عزت کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سمجھ لیجیے، یو پی کے لوگوں کو ’یوپی ٹائپ‘ ہونے پر فخر ہے۔ ہم کو یوپی کی زبان، بولی، ثقافت و تاریخ پر فخر ہے۔‘‘

01 Feb 2022, 8:39 PM

نہ کسانوں کی آمدنی دوگنی، نہ مہنگائی سے نجات: پرینکا گاندھی

بجٹ 2022 کے خلاف کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’نہ کسانوں کی آمدنی دوگنی، نہ متوسط طبقہ کو ٹیکس میں چھوٹ، نہ مہنگائی سے نجات، نہ چھوٹی صنعتوں کو راحت، نہ نوجوانوں کو روزگار، بس پرانے ہو چکے جملے اور سبسیڈی پر حملہ۔ یہی ہے مودی حکومت کے بجٹ کا اختصار۔‘‘

01 Feb 2022, 7:01 PM

بجٹ 2022 میں ریاستوں کو قرض کے بوجھ تلے دبانے کی تیاری: ہیمنت سورین

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مرکزی بجٹ کو انتہائی مایوس کن قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ ریاستوں کو زیادہ امدادی رقم دینے کے اعلان کے پیچھے کی سچائی یہ ہے کہ اس سے ریاستوں کو قرض کے بوجھ تلے دبانے کی تیاری ہے۔ مرکزی حکومت فیڈرل ڈھانچہ کو بھی توڑنے پر آمادہ ہے۔ سورین نے الزام عائد کیا کہ ایل آئی سی سے لے کر ائیرپورٹ تک کو فروخت کر بی جے پی آج پانچ ہزار کروڑ روپے کی کمپنی بن گئی ہے۔


01 Feb 2022, 5:10 PM

غریبوں، ملازمت پیشہ، کسانوں اور مزدوروں کے لیے بجٹ میں ایک لفظ نہیں: پی چدمبرم

سابق مرکزی وزیر مالیات اور سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ 2022 کو سرمایہ داروں کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں غریبوں، ملازمت پیشہ، کسانوں اور مزدوروں کے لیے ایک لفظ موجود نہیں ہے۔ پی چدمبرم نے کہا کہ جو بجٹ پیش کیا گیا ہے وہ حکومت کے ضدی پن اور بے دردی کو ظاہر کرتا ہے۔ کورونا بحران میں بے روزگار ہوئے افراد، تباہ ہوئی صنعتوں اور نقص تغذیہ کے شکار لوگوں کے لیے بھی کچھ موجود نہیں۔

01 Feb 2022, 4:55 PM

جس ڈیجیٹل کرنسی پر قانون موجود نہیں اور ٹیکس عائد کر دیا گیا، سچن پائلٹ 

عام بجٹ 2022 پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ وزیر خزانہ نے غریبوں، نوجوانوں، بےروزگاروں اور یہاں تک کہ مہنگائی تک پر ایک لفظ نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ جس ڈیجیٹل کرنسی پر ہندوستان میں کوئی قانون موجود نہیں ہے، اس پر ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔


01 Feb 2022, 3:50 PM

کورونا کے دور میں بہت امید تھی لیکن بجٹ نے لوگوں کو مایوس کیا، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے عام بجٹ 2022 کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’کورونا کے دور میں لوگوں کو بجٹ سے بہت امید تھی۔ بجٹ نے لوگوں کو مایوس کیا۔ عام لوگوں کے لئے بجٹ میں کچھ نہیں ہے۔ مہنگائی کم کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔

01 Feb 2022, 2:48 PM

مودی حکومت کے بجٹ سے کسانوں، غریبوں، نوجوانوں اور متوسط طبقہ کو کچھ نہیں ملا، راہل گاندھی

عام بجٹ 2022 پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا، ’’مودی حکومت کا صفر والا بجٹ! تنخواہ داروں، متوسط طبقہ، غریب اور وسائل سے محروم افراد، نجوانوں، کسانوں اور ایم ایس ایم ای کو اس بجٹ سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔‘‘


01 Feb 2022, 2:42 PM

بجٹ میں عام آدمی کے لئے کچھ نہیں ہے، ممتا بنرجی

عام بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بنگال ممتا بنرجی نے کہا، ’’عام بجٹ میں اس عام آدمی کے لئے کچھ بھی نہیں ہے جو بے روزگاری اور مہنگائی سے بدحال ہے۔

01 Feb 2022, 2:34 PM

جنوری میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.40 لاکھ کروڑ کے پار:  سیتارام

نئی دہلی: وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے آج کہا کہ وبا کے باوجود جی ایس ٹی ریونیو میں تیزی کا رخ بنا ہوا ہے اور اسی کے دم پر اس سال جنوری میں جی ایس ٹی کلیکشن کل ملاکر 1.40 لاکھ کروڑ روپے کے پار پہنچ گیا ہے۔ سیتارمن نے لوک سبھا میں اگلے مالی سال کا عام بجٹ پیش کرتے ہوئے آج کہا کہ جنوری میں جی ایس ٹی ریونیو کلیکشن 140986 کروڑ روپے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی انتظامیہ نے قابل ذکر ترقی کی ہے لیکن ابھی بھی کچھ چیلنج ہیں۔ انہوں نے جی ایس ٹی کلیکشن میں آئی اس تیزی کےلئے ٹیکس پیئر کی ستائش بھی کی۔ اپریل 2021 میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.39 لاکھ کروڑ روپے تھا، جو اب تک ریکارڈ تھا لیکن جنوری 2022 نے اس ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔


01 Feb 2022, 12:39 PM

نرملا سیتارمن کی بجٹ تقریر ختم، لوک سبھا کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی

01 Feb 2022, 12:32 PM

عام بجٹ 2022 میں کسانوں کے لئے اعلانات:

نرملا سیتارمن نے کہا کہ کسانوں کے کھاتوں میں 2.37 لاکھ کروڑ روپے کی ایم ایس پی کی رقم براہ راست بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی

آنے والے دنوں میں کیمیکل سے پاک قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے تحت دریائے گنگا کے ساحل پر 5 کلومیٹر کے گلیارے کو پہلے مرحلہ کے تحت منتخب کیا جائے گا

تلہن کے بیج کی درآمد کو کم کرنے کی سمت میں کام کرتے ہوئے گھریلو طور پر پیداوار کو بڑھایا جائے گا

پی پی پی ماڈل کے تحت اسکیم لائی جائے گی، جس سے کسانوں تک ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک تکنیک پہنچائی جا سکے

کسانوں کی کھیتی کا جائزہ لینے کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی جائے گی

ڈرون کے ذریعے کھاد اور کرم کش کے چھکڑکاؤ کو بھی فروغ دیا جائے گا

ریاستوں کو زرعی یونیورسٹی کو بحال کرنے کی جانب بھی راغب کیا جائے گا

نابارڈ کے ذریعے زراعت سے وابستہ اسٹارٹ اپ اور ان رورل اینٹرپرائیزز کو فنڈ مہیا کرایا جائے گا، جو کھیتی سے وابستہ ہیں

کساوں کو پھل اور سبزیوں کی صحیح قسم استعمال کرنے کے لئے حکومت جامع پیکیج فراہم کرے گی، جس میں ریاستوں کی بھی شراکت داری ہوگی


01 Feb 2022, 11:39 AM

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے تقریر کے دوران یہ اعلانات کئے:

  • بجٹ میں اگلے 25 سالوں کی بنیاد موجود ہونے کا دعویٰ

  • ایئر انڈیا کی عدم سرمایہ کاری مکمل، ایل آئی سی کا آئی پی او بھی جلد آئے گا

  • ملک کے 16 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کی جائے گی

  • اگلے 3 سالوں کے دوران بہتر صلاحیت والی 400 نئی وندے بھارت ٹرینیں لائی جائیں گی

  • دریائے گنگا کے ساحل پر 5 کلو میٹر چوڑے گلیارے میں کسانوں کی زمین پر توجہ دی جائے گی

  • ملک بھر میں کیمیکل سے پاک قدرتی کھیتی کو فروغ دیا جائے گا

  • ایک جماعت ایک ٹی وی چینل کو بڑھا کر 200 چینل کیا جائے گا

  • ڈیجیٹل یونیورسٹی کا قیام ہوگا

  • سال 2022-23 کے درمیان قومی شاہراہوں کی لمبائی 25 ہزار کلومیٹر کی جائے گی

  • سال 2023 کو موٹا اناج سال قرار دیا گیا، ربی 2021-22 میں 163 لاکھ کسانوں سے 1208 میٹرک ٹن گیہوں اور دھان خریدا جائے گا

  • ایمرجنسی کریڈٹ لائن گارنٹی اسکیم کو مارچ 2023 تک بڑھایا جائے گا، گارنٹی کور کو 50 ہزار کروڑ سے بڑھا کر 5 لاکھ کروڑ کیا جائے گا

  • شہریوں کی سہولت کے لئے ای پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے

  • بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو چارجنگ اسٹیشن نہیں مل پاتے لیذا بیٹری کے تبادلہ کی پالیسی مرتب کی جائے گی

  • دفاعی شعبہ میں آتم نربھر بھارت کو فروغ دیا جائے گا اور مختص رقم کا 68 فیصد گھریلو بازار میں خرچ کیا جائے گا

  • آر بی آئی ڈیجیٹل روپیہ جاری کرے گا، جس کے لئے بلاک چین اور دیگر تکنیکوں کا سہارا لیا جائے گا

  • نئی ٹیکس اصلاحات لائی جائیں گی اور اگلے دو سالوں تک اس کا اعلان کر دیا جائے گا

  • صنعتی ٹیکس کو 18 فیصد سے گھٹا کر 15 فیصد کیا گیا، نیز معذوروں کے والدین کے لئے بھی ٹیکس میں نرمی کی گئی

  • کریپٹو کرنسی پر آمدنی کا 30 فیصد ٹیکس کے طور پر حکومت کو ادا کرنا ہوگا اور اگر نقصان ہوتا ہے تو بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

  • کارپوریٹ سرچارج کو 12 فیصد سے کم کرکے 7 فیصد کیا جائے گا

  • بجٹ میں 2022-23 کے لیے 7.5 لاکھ کروڑ روپے کے سرمایہ خرچ کا انتظام

01 Feb 2022, 11:17 AM

پارلیمانی اجلاس کا دوسرا دن، وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیش کیا عام بجٹ

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج دوسرا دن ہے اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اس وقت ملک کا عام بجٹ پیش کر رہی ہیں۔ اپنی بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ امسال ہندوستان کی اقتصادی ترقی 9.2 فیصد رہنے کا امکان ہے اور یہ بڑی معیشتوں میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں اگلے 25 برسوں کی بنیاد موجود ہے اور اس سے کسانوں اور نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آتم نربھر بھارت کے تحت ملک کے 16 لاکھ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔


01 Feb 2022, 10:46 AM

کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کو منظوری، کچھ دیر میں پیش کریں گی نرملا سیتارمن

پارلیمنٹ ہاؤس میں مرکزی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ کابینہ اجلاس میں بجٹ کو باضابطہ طور پر منظوری فرہم کر دی گئی۔ اس کے بعد وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ پہنچیں گی اور 11 بجے ملک کا عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔

01 Feb 2022, 10:04 AM

بجٹ کی کاپیاں پارلیمنٹ میں لائی گئیں

نرملا سیتارمن کچھ ہی دیر میں عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں، اس سے قبل بجٹ سے متعلق تمام دستاویزات پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔


01 Feb 2022, 10:04 AM

بجٹ پیش کئے جانے سے قبل شیئر بازار میں تیزی

بجٹ پیش کئے جانے سے قبل اسٹاک مارکیٹ کا آغاز تیزی سے ہوا۔ سینسیکس 582 پوائنٹس بڑھ کر 58,597.02 پر پہنچ گیا ہے۔ دوسری طرف، نفٹی 156 پوائنٹس بڑھ کر 17,496 تک پہنچ گیا ہے۔

01 Feb 2022, 9:40 AM

نرملا سیتارمن راشٹرپتی بھون پہنچیں، صدر سے کی ملاقات

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن عام بجٹ 2022 پیش کرنے سے قبل وزارت خزانہ سے روانہ ہو کر راشٹرپتی بھون پہنچ گئی ہیں، یہاں وہ صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کر رہی ہیں۔


01 Feb 2022, 9:21 AM

نرملا سیتارمن وزارت خزانہ سے راشٹرپتی بھون کے لئے روانہ

نرملا سیتارمن آج عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔ وہ وزارت خزانہ سے باہر آ چکی ہیں اور اب وہ راشٹرپتی بھون کے لئے روانہ ہو رہی ہیں جہاں وہ صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گی۔ نرملا سیتا رمن نے روایتی بہی کھاتہ کے مقام پر جدید ٹیبلیٹ تھاما ہوا ہے، جس کے ذریعے وہ ڈیجیٹل بجٹ پیش کریں گی۔ سبھی کو بجٹ کی ڈیجیٹل کاپیاں ہی فراہم کی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔