ٹاٹا موٹرس پلانٹ میں ہزاروں ملازمین گھر بیٹھنے کو مجبور، اِس ماہ دوسری مرتبہ رکا کام

ٹاٹا موٹرس کے پمپری چنچواڑا پلانٹ کے چار دنوں تک بند ہونے کا براہ راست اثر چھوٹی صنعتوں پر پڑ سکتا ہے جس میں کم و بیش 2000 ملازمین کام کرتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں معاشی بحران کا اثر سب سے زیادہ آٹو سیکٹر پر پڑتا ہوا نظر آ رہا ہے اور روزانہ ملازمین کی چھنٹنی یا پھر کسی کمپنی کے ذریعہ پروڈکشن بند کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ لاکھوں ملازمین کی ملازمتیں اب تک جا چکی ہیں اور گھٹتی ڈیمانڈ کی وجہ سے کئی آٹو موبائل کمپنیوں کو اپنا پروڈکشن کم کرنا پڑا ہے۔ ان کمپنیوں میں ٹاٹا موٹرس بھی شامل ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق ٹاٹا موٹرس نے اپنے پمپری چنچواڑا پلانٹ میں 28 سے 31 اگست تک دوبارہ سے ’بلاک کلوزر‘ کا فیصلہ لیا ہے۔ ان چار دنوں تک پروڈکشن بند ہونے کی وجہ سے کم و بیش 4500 ملازمین کو گھر بیٹھنا پڑے گا۔ اگست مہینہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ٹاٹا موٹرس کے اس پلانٹ میں کام کو کچھ دنوں کے لیے بند کرنا پڑا ہے۔

ٹاٹا موٹرس کے پمپری چنچواڑا پلانٹ کے چار دنوں تک بند ہونے کا براہ راست اثر چھوٹی صنعتوں پر پڑ سکتا ہے جس میں کم و بیش 2000 ملازمین کام کرتے ہیں۔ حالانکہ کمپنی کے افسران کا کہنا ہے کہ فکر کی کوئی ضرورت نہیں اور سب کچھ جلد ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 5 اگست سے 10 اگست کے درمیان بھی ٹاٹا موٹرس کو کام روکنا پڑا تھا اور فکر انگیز بات یہ ہے کہ آئندہ 3 ستمبر سے 6 ستمبر کے درمیان بھی کام روکنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔


اس پورے معاملے پر ٹاٹا موٹرس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’یہ سبھی آٹو موبائل میکرس اور دوپہیہ گاڑی ساز کمپنیوں کے لیے عام بات ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب کام روکنا پڑا ہو۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں جس سے آٹو سیکٹر کو پروڈکشن دوبارہ سے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ تہواروں کا موسم آ رہا ہے، جس وقت لوگ عام طور پر نئی گاڑیاں خریدتے ہیں۔ ہم اس دوران ڈیمانڈ میں تیزی آنے کی امید کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2019, 10:10 AM