گرم مصالحہ کی قیمتیں ہوئیں گرم، کھانے کا ذائقہ ہوا متاثر
کمر توڑ مہنگائی سے پریشان عوام کو اب مصالحوں کی بھی مہنگی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ سبزیاں پہلے ہی رلا رہی ہیں اب مصالحوں کی آسمان چھوتی قیمتوں نے کھانے کا ذائقہ ختم کر دیا
ملک میں ٹماٹروں کے ساتھ سبزیوں کی مہنگائی نے عوام کی نیندیں پہلے ہی اڑا دی ہیں ۔ جہاں ٹماٹر کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے وہیں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ایسے میں اب ہندوستانی باورچی خانے کا سب سے اہم حصہ مصالحوں کی قیمتیں بھی بے تحاشہ بڑھ رہی ہیں۔ کھانے کو ذائقہ دینے والے ہندوستانی کچن کا فخر سمجھے جانے والے مصالحے اب عام آدمی کو مہنگائی کا جھٹکا دے رہے ہیں۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق ممبئی کی مصالح منڈی میں مصالحہ جات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور صرف پچھلے 15 دنوں میں قیمتوں میں زبردست اضافے کا رجحان ہے۔ یہاں کے مصالحوں کی قیمتوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ کئی مصالحوں کی قیمتیں تقریباً دوگنی ہو چکی ہیں۔
مصالحے کے پرانے اور نئے ریٹ میں فرق میں زبر دست فرق بتایا جا رہا ہے۔کشمیری مرچ جو پہلے 300-500 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب تھی اب 500-700 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں اس وقت ذیرا 800 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے اور ہول سیل مارکیٹ میں اس کا ریٹ 550-680 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔
گرم مصالحہ جو کھانے کا ذائقہ بڑھاتا ہے، اس سال اب تک اس کی قیمت میں 72 سے 80 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ ہلدی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے اور وہ عوام کے لیے بنیادی طور پر آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور یوپی میں تیزی کے ساتھ دستیاب ہیں۔
اس وقت ملک میں مون سون کا سیزن جاری ہے، لیکن اس سال ’ایل نینو سال‘ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے کئی اقسام کی فصلیں منفی طور پر متاثر ہوں گی۔ اس بار کم بوائی اور کم پیداوار کو مصالحوں کی مہنگائی کی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ یوں تو ملک میں مصالحہ جات کی قیمتوں میں بتدریج اضافے کی خبریں اس سے قبل بھی آتی رہی ہیں لیکن اس وقت قیمتوں میں اس قدر اچانک اضافہ ہوا ہے کہ یہ ایک چونکا دینے والی بات ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔