ٹماٹر کے داموں میں لگی آگ مزید بھڑکنے کا خدشہ، 300 روپے فی کلو تک جا سکتے ہیں دام!

ٹماٹر کی قیمتوں میں آگ بھڑک رہی ہے اور یہ عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔ 250 روپے تک جانے کے بعد اب اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک جانے کا خدشہ ہے

ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: باورچی خانہ میں روزانہ استعمال ہونے والا ٹماٹر اب عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ بہت سے تھوک فروشوں کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں لگنے والی آگ مزید بھڑکنے والی ہے اور اس کی خوردہ قیمت 300 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے! خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے ٹماٹر پیدا کرنے والے علاقوں میں اس کی پیداوار اور سپلائی میں مسائل کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے۔

زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) کے رکن کوشک نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ٹماٹر، شملہ مرچ جیسی کئی موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے بعد ان کی فروخت میں زبردست کمی آئی ہے۔ جس کی وجہ سے ہول سیل مارکیٹ کے دکانداروں سمیت چھوٹے دکانداروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کی قیمت اب 160 روپے فی کلو سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہو گئی ہے جس کی وجہ سے خودہ مارکیٹ میں بھی اس سبزی کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


دریں اثنا، مدر ڈیری نے اپنے کامیاب ریٹیل اسٹورز کے ذریعے بدھ کو 259 روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ آزاد پور منڈی کے تھوک فروش سنجے بھگت نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہماچل پردیش میں لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش کی وجہ سے سبزیوں کی نقل و حمل میں کافی دشواری ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کاشتکاروں سے ٹماٹر سمیت سبزیوں کی فراہمی میں عام وقت سے 6 سے 8 گھنٹے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت 300 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر کے ساتھ ہماچل اور کرناٹک سے آنے والی سبزیوں کے معیار میں بھی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے ان کی فروخت میں مسائل کا سامنا ہے۔

دہلی سے متصل نوئیڈا میں بھی ٹماٹر 300 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ تاہم ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت حرکت میں آئی اور 14 جولائی سے کم قیمت پر ٹماٹر فروخت کرنا شروع کر دیا۔ اس کی وجہ سے راجدھانی دہلی اور این سی آر میں ٹماٹر کی قیمتیں نیچے آ گئی تھیں لیکن سپلائی میں کمی کے بعد وہ پھر سے اوپر چڑھنے لگے۔

وزارت امور صارفین کے مطابق بدھ کو ٹماٹر کی قیمت 203 روپے فی کلو تھی جبکہ مدر ڈیری کے سفل اسٹورز ٹماٹر 259 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔