ملک کے سب سے بڑے بینک ’ایس بی آئی‘ نے صارفین کو دیا جھٹکا! قرض لینا ہوا مزید مہنگا
آر بی آئی کے ریپو ریٹ میں اضافہ کرنے کے بعد ایس بی آئی نے اپنے قرض کی شرح میں 10 بیسس پوائنٹس یا 0.10 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ نئی شرحیں 15 فروری 2023 سے نافذ العمل ہوں گی
نئی دہلی: ایس بی آئی نے اپنے صارفین کو جھٹکا دیتے ہوئے اپنے قرض کی شرح یا قرض کی مارجنل لاگت (ایم سی ایل آر) میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایس بی آئی سے لون لینا مزید مہنگا ہو جائے گا اور صارفین کو قرض کی قسطوں (ای ایم آئی) پر زیادہ رقم خرچ کرنی پڑے گی۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے ریپو ریٹ میں اضافے کے بعد کئی بینکوں نے اسی طرح کا فیصلہ کیا ہے اور اب ملک کا سب سے بڑا بینک ایس بی آئی بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ سال 2022 میں مہنگائی کی بلند سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا نے یکے بعد دیگرے ایک پانچ مرتبہ پالیسی ریٹ (ریپو ریٹ) میں اضافہ کیا تھا۔ اس سے افراط زر قابو میں آ گئی لیکن ریزرو بینک نے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا اور اس سال کی پہلی ایم پی سی میٹنگ میں ایک بار پھر ریپو ریٹ میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
اس بار ریپو ریٹ میں 25 بیسس پوائنٹس یا 0.25 فیصد اضافہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ریپو ریٹ بڑھ کر 6.50 فیصد ہو گیا۔ ہر بار کی طرح ریپو ریٹ میں اضافے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ت ھا کہ تمام بینکوں کی جانب سے قرض کی شرح میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور یہ خدشہ صحیح ثابت ہو رہا ہے۔
ایس بی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق، ایس بی آئی نے ایم سی ایل آر میں 10 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ہوم لون، کار لون، ایجوکیشن لون یا پرسنل لون سمیت تمام قسم کے لون مہنگے ہو گئے ہیں اور ای ایم آئی کا خرچ بڑھ گیا ہے۔ تبدیل شدہ قرض کی شرحیں بدھ، 15 فروری 2023 سے لاگو ہو گئی ہیں۔
تازہ ترین اضافے کے بعد ایک دن کے قرض کے لیے ایم ایل سی آر 7.85 فیصد سے بڑھ کر 7.95 فیصد ہو گیا ہے۔ ایس بی آئی نے ایک ماہ کے قرض کے لیے ایم سی ایل آر کو 8.00 فیصد سے بڑھا کر 8.10 فیصد، 3 ماہ کے لیے 8.10 فیصد سے 8.20 فیصد، 6 ماہ کے لیے 8.30 فیصد سے بڑھا کر 8.40 فیصد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ایک سال کے لیے قرض کی شرح 8.40 فیصد سے بڑھا کر 8.50 فیصد کر دی گئی ہے۔ زیادہ تر قرض اس ایک سال کے ایم سی ایل آر سے منسلک ہیں۔ نئے نرخوں کے مطابق بینک نے دو سالہ ایم ایل سی آر کو 8.50 فیصد سے بڑھا کر 8.60 فیصد کر دیا ہے، جبکہ اسے تین سال کے لیے 8.60 سے بڑھا کر 8.70 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آر بی آئی کی جانب سے ریپو ریٹ میں اضافہ فوراً بعد کئی بینکوں نے ایم سی ایل آر میں اضافہ کیا تھا۔ پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) نے ریپو لنکڈ لینڈنگ ریٹ (آر ایل ایل آر) میں 25 بیس پوائنٹس کا اضافہ کر کے اسے 9 فیصد سے 9.25 فیصد کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ بینک آف بڑودہ (بی او بی) نے 12 فروری سے ایم سی ایل آر میں 5 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے۔ بینک آف مہاراشٹرا نے 13 فروری کو قرض کی شرح میں اضافہ کیا تھا۔ وہیں، ایچ ڈی ایف سی نے 7 فروری سے نئی شرحوں کو لاگو کیا ہے اور ایم سی ایل آر میں 0.10 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔