سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، ہندوستان میں اب استعمال ہوگی بٹکوائن کرنسی
سپریم کورٹ نے کرپٹوکرنسی کے تعلق سے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اس پر سے پابندی ہٹا دی ہے جس کے بعد اب ملک میں ڈجیٹل کرنسی میں لین دین کیا جا سکتا ہے
ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی عدالت نے ملک میں کرپٹو کرنسی پر عائد پابندی ہٹا دی ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد لوگ اب ڈجیٹل کرنسی میں لین دین شروع کر سکتے ہیں۔ واضح رہے سال 2018 میں ریزرو بینک آف انڈیا نے ایک سرکلر جاری کر کے بینکوں کو کرپٹو کرنسی میں کاروبار کرنے سے منع کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلہ کے بعد ہندوستان میں بٹکوائن جیسی کرپٹو کرنسی خریدی اور بیچی جا سکتی ہیں۔
ریزرو بینک کی پابندی کے بعد انٹر نیٹ اینڈ موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کر کے آر بی آئی کے اس سرکلر کو چیلنج کیا تھا۔ اس عرضی میں کہا گیا تھا کہ کربٹو کوائن کرنسی پر پابندی سے اس کرنسی میں ہونے والا قانونی کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس عرضی کے جواب میں آر بی آئی نے عدالت میں حلف نامہ دیا تھا کہ اس کرنسی کے استعمال سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ان خطرات کی وجہ سے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کرپٹو کرنسی ایک ڈجیٹل کرنسی ہوتی ہے جو بلاک چین تکنیک پر چلتی ہے۔ اس کرنسی کا پورا اکاؤنٹ رکھا جاتا ہے اور جس تکنیک کا استعمال ہوتا ہے اس کو ہیک کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ کئی بڑی کمپنیوں میں اس کے استعمال کو منظوری پہلے سے ہی حاصل ہے۔ یہ کرنسی مرکزی بینک کے دائر اختیار میں نہیں ہوتی جو اس کی سب سے بڑی کمی بھی مانی جاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔