منافع وصولی کے سبب اسٹاک مارکیٹ اوندھے منھ گرا، نفٹی 22000 کے نیچے ہوا بند
آج کے کاروبار میں سینسیکس کے 30 اسٹاک میں سے 4 تیزی کے ساتھ اور 26 نقصان کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ نفٹی کے 50 اسٹاکس میں سے 7 تیزی کے ساتھ اور 43 گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔
شیئر بازار میں جمعرات کا کاروباری سیشن ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کے لیے کافی مایوس کن رہا۔ صبح مارکیٹ سبز رنگ کے نشان کے ساتھ کھلا اور دن کے کاروبار میں سینسیکس میں 530 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ نفٹی میں 175 پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ دیکھا گیا۔ لیکن بالائی سطح سے منافع وصولی کی وجہ سے مارکیٹ اوندھے منھ گر گیا۔ حالت یہ ہوئی کہ نفٹی دن کی اونچائی سے 366 پوائنٹس اور سینسیکس 1100 پوائنٹس تک گر گیا۔
آج کے کاروبار کے اختتام پر بی ایس ای سینسیکس 454 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 72,489 پوائنٹس پر بند ہوا اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 152 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 21,996 پوائنٹس پر بند ہوا۔ نفٹی 22000 سے نیچے آ گیا ہے۔ آج کے کاروبار میں میڈیا سیکٹر کے علاوہ تمام شعبوں کے حصص میں کمی دیکھی گئی۔ بینکنگ، آئی ٹی، آٹو، فارما، ایف ایم سی جی، میٹلز، رئیل اسٹیٹ، انرجی، کنزیومر ڈیریبل، ہیلتھ کیئر اور آئل اینڈ گیس سیکٹرز کے حصص میں گراوٹ دیکھی گئی۔ مڈ کیپ اور اسمال کیپ اسٹاک بھی نقصان کے ساتھ بند ہوئے۔ آج کے کاروبار میں سینسیکس کے 30 اسٹاک میں سے 4 تیزی کے ساتھ اور 26 نقصان کے ساتھ بند ہوئے۔ جبکہ نفٹی کے 50 اسٹاکس میں سے 7 تیزی کے ساتھ اور 43 گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔
آج کے کاروبار میں منافع وصولی کی وجہ سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ بی ایس ای ڈیٹا کے مطابق مارکیٹ کیپ گھٹ کر 393.22 لاکھ کروڑ روپے پر بند ہوا ہے جبکہ گزشتہ سیشن میں یہ 394.32 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ یعنی آج کے سیشن میں مارکیٹ ویلیو میں 1.10 لاکھ کروڑ روپے کی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ مارکیٹ میں آج گرنے والے شیئرس میں بھارتی ایئرٹیل 4.05 فیصد، ایم سی ایکس انڈیا 3.88 فیصد، آئی سی آئی سی لومبارڈ 3.73 فیصد اور انڈس ٹاور 3.35 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ وہیں آئی جی ایل 5.49 فیصد، مہانگر گیس 4.32 فیصد اور اوبرائے ریئلٹی 4.21 فیصد گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔