رشی کیش میں گوشت کی فروخت کے نام پر ہنگامہ
اتراکھنڈ کے رشی کیش میں دہرہ دون روڈ پر ایزی ڈے کلب سپرمارکٹ میں پیکٹ بند گوشت کی فروخت کے خلاف مقامی لوگوں نے جم کر ہنگامہ کیا اور اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
رشی کیش: اتراکھنڈ میں رشی کیش میں گوشت کی فروخت پر پابندی ہونے کے باوجود دہرہ دون روڈ پر ایزی ڈے کلب سپرمارکٹ میں پیکٹ بند گوشت کی فروخت کے خلاف مقامی لوگوں نے منگل کو جم کر ہنگامہ کیا اور اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
رشی کیش میں پولیس کوتوالی سے محض سو میٹر کی دوری پر دہرہ دون راستے پر واقع ایزی ڈے کلب میں فروزن فوڈ چکن کا پیکٹ نظر آنے پر گاہکوں نے ہنگامہ شروع کردیا۔ اس واقعہ کی اطلاع جب مقامی لوگوں لوگوں کو ملی، تو بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔
اطلاع ملنے پر کوتوالی پولس، فوڈ انسپکٹر اور میونسپل کارپوریشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ اس بیچ لوگوں نے اسٹور میں بک رہے چکن سوپ کے پیکٹ بھی نکال دئے۔ میونسپل کاروریشن اور محکمہ فوڈ سکورٹی کی ٹیم نے ان پیکٹوں کو تباہ کرا دئے۔ اسٹور میں فروزن چکن کا ایک ہی پیکٹ برآمد ہوا۔ جبکہ ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم چلا کہ اسٹور میں 22 پیکٹ فروزن چکن کے آئے تھے جن میں سے 21 پیکٹ فروخت ہو گئے۔
ایک سماجی کارکن جیندر رمولا نے پولس اور فوڈ انسپکٹر کو اس معاملے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد جائے وقوع پر پہنچے افسران نے چھاپہ مارنے کی کارروائی کرکے فروزن فوڈ چکن پیکٹ اور چکن سوپ کو ضبط کرلیا۔
فوڈ انسپکٹر سنجے تیواری نے ایزی ڈے کلب میں ممنوع اشیا فروخت کرنے پر چالان کاٹا اور کہا کہ کلب کے خلاف میونسپل کارپوریشن کے ضابطوں اور خوراک سے متعلق قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
رمولا نے کہا کہ رشی کیش میں اس قسم کی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کارپوریشن اور محکمہ خوراک کا طریقہ کارمشتبہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔