مانیٹری پالیسی: آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی، 4 فیصد پر برقرار

ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے اپنی مانیٹری پالیسی کی جائزہ رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، آر بی آئی نے اس مرتبہ ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور اہم سود کی شرحیں 4 فیصد پر برقرار رہیں گی

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہنگائی بڑھنے اور کورونا کی دوسری لہر کے بعد معاشی معمولات کے پٹری پر لوٹنے کا حوالہ دیتے ہوئے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ریپو ریٹ اور دیگر پالیسی جات شرحوں کو جوں کا توں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس کی صدارت میں آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی آج ختم ہونے والی سہ روزہ میٹنگ میں تمام پالیسی جات شرحوں کو غیر تبدیلی کے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریپو ریٹ کو 4 فیصد، ریورس ریپور ریٹ کو 3.35 فیصد، مارجنل اسٹینڈنگ فیسیلِٹی ریٹ کو 4.25 فیصد اور بینک ریٹ کو 4.25 فیصد پر مستحکم رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نقد ریزرو تناسب 4 فیصد اور ایس ایل آر 18 فیصد پر رہے گا۔

میٹنگ کے بعد شکتی کانت داس نے بتایا کہ مالی سال 2021-22 میں حقیقی جی ڈی پی کی ڈیویلپمنٹ ریٹ 9.5 فیصد رہنے کی امید ہے۔ معیشت دھیرے دھیرے پٹری پر آ رہی ہے۔ ساتھ ہی امسال کچھ تاخیر کے بعدمانسون میں بہتری ہونے سے خریف کی بوائی میں تیزی آئی ہے۔ آنے والے دنوں میں کووڈ-19 ٹیکہ کاری بھی رفتار پکڑے گی۔ یہ سبھی وجوہات معیشت کو رفتار دیں گے۔


خیال رہے کہ یہ لگاتار چھٹا موقع تھا جب آر بی آئی نے سود کی شرحوں کو غیر تبدیل رکھا۔ اس کے پہلے آخری تبدیلی سال 2020 میں شرحوں میں کٹوتی کے ساتھ ہوئی تھا۔ اس کے بعد کورونا وائرس لاک ڈاؤں کا ملک کی معیشت پر ایسا اثر ہوا کہ آر بی آئی نے پہلے تو شرحوں کو تبدیل کرنا بند کر دیا، اس کے بعد اسے اس کے بحالی کے مبصوبہ کا بھی اعلان کرنا پڑا۔

آر بی آئی گورنر نے کہا کہ معیشت کورونا وبا کی دوسری لہر سے لگے جھٹکے سے باہر آ رہی ہے اور ٹیکہ کاری میں تیزی کے ساتھ معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔