مہاجر مزدوروں کو دیا جائے منریگا کا فائدہ، اجرت کو بڑھا کر کریں 300 روپے: کانگریس
ترجمان نے کہا کہ حکومت جسے پیکج بتا رہی ہے، صحیح معنی میں وہ پیکج نہیں ہے، بلکہ معیشت بڑھانے کے لئے مالی مدد ہے اور یہ جی ڈی پی کا دس نہیں بلکہ تقریباً تین فیصدی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کےمنریگا کے لئے اعلان شدہ رقم کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ منریگا کی مزدوری 300 روپے کرنے کے ساتھ ہی گھر لوٹ رہے مزدوروں کو اس کا فائدہ دیا جانا چاہیے۔
کانگریس ترجمان آنند شرما نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب کی روزی روٹی چلی گئی ہے اور نقل مکانی کرنے والے مزدور گاؤں کی طرف لوٹ رہے ہیں اس لئے مزدوروں کو بھی گاؤں میں مہاتما گاندھی راشٹریہ روزگار گارنٹی یوجنا - منریگا کے تحت روزگار ملنا چاہیے اور منریگا کی اجرت 300 روپے کی جانی چاہیے۔ سیتارمن نے منریگا کےلئے 40 ہزار کروڑ روپے دینے کا آج اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آج اعتراف کیا ہے کہ لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر شہری غریب اور نقل مکانی کرنے والے مزدور ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حالت کو سمجھتے ہوئے حکومت کو ان لوگوں کی جیب میں پیسہ ڈال کران کی مالی صلاحیت بڑھانی چاہیے۔
آنند شرما نے کہا کہ گاؤں میں غریب خواتین لاک ڈاؤن سے پریشان ہیں۔ ان کے جن دھن کھاتے میں 500 روپے ڈالے گئے ہیں، لیکن جن خواتین کے جن دھن کھاتے نہیں ہیں ان کے لئے منریگا سے پیسہ دیا جانا چاہیے اور ان سب کی مدد ہونی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت جسے پیکج بتا رہی ہے،صحیح معنی میں وہ پیکج نہیں ہے اور نہ ہی وہ جی ڈی پی کا 10 فیصدی ہے، جیسا کہ حکومت دعوی کر رہی ہے۔ یہ لوگوں کو فوری فائدہ دینے والا اقتصادی پیکج نہیں بلکہ معیشت بڑھانے کے لئے مالی مدد ہے اور یہ جی ڈی پی کا دس نہیں بلکہ تقریباً تین فیصدی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 May 2020, 5:40 PM