بینک، سڑک اور جائیداد سے متعلق کئی اصول تبدیل، عام شہریوں کی جیب پر لگے گی چپت!

آج یعنی یکم ستمبر سے ایل پی جی، بینک اور جائیداد سے متعلق کئی اصولوں میں تبدیلی ہونے جا رہی ہے، جس کا براہ راست اثر آپ کی جیب پر پڑے گا

علامتی تصویر / بشکریہ اسٹانزا لیونگ ڈاٹ کام
علامتی تصویر / بشکریہ اسٹانزا لیونگ ڈاٹ کام
user

قومی آواز بیورو

ہر نئے مہینے کی طرح ستمبر میں بھی متعدد اصول تبدیل ہونے جا رہے ہیں، جو براہ راست آپ کی جیب کو متاثر کریں گے۔ اس لیے آپ کے لیے ان تبدیلیوں کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔

پنجاب نیشنل بینک کے صارفین کے لئے ’کے وائی سی‘ لازمی

پنجاب نیشنل بینک کے صارفین کے لیے کے وائی سی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بینک نے صارفین کو پیغام بھیجا تھا کہ تمام صارفین 31 اگست سے پہلے اپنا کے وائی سی اپڈیٹ کرا لیں۔ اس کے لیے آپ بینک برانچ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا کے وائی سی اپڈیٹ نہیں ہوگا تو آپکا اکاؤنٹ عارضی طور پر بند ہو جائے گا۔

یمنا ایکسپریس وے پر ٹول ٹیکس میں اضافہ

یمنا ایکسپریس وے اتھارٹی کی 74ویں بورڈ میٹنگ میں یمنا ایکسپریس وے پر ٹول ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹول پر بڑھے ہوئے نرخوں کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ اس فیصلے میں دو پہیہ گاڑی چلانے والوں اور کسانوں کے ٹریکٹروں کو راحت دی گئی ہے۔ دراصل 2018 سے اب تک ٹول ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا لیکن اب آئی آئی ٹی کے سروے کے بعد بتایا گیا کہ پورے یمنا ایکسپریس وے پر حادثات کو روکنے کے لیے 130 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اس کو پورا کرنے کے لیے ٹول ٹیکس میں اضافہ ضروری ہو گیا ہے۔


یمنا اتھارٹی کے سی ای او رنویر سنگھ کے مطابق کار، جیپ یا وین کے لئے ٹول ٹیکس 2.50 روپے فی کلومیٹر سے بڑھا کر 2.65 روپے فی کلومیٹر کیا گیا ہے۔ جبکہ ہلکی کمرشل گاڑی، ہلکے سامان یا منی بس کے لئے ٹیکس 3.90 روپے فی کلو میٹر سے بڑھا کر 4.15 روپے فی کلومیٹر، بس یا ٹرک کے لئے 7.90 روپے فی کلومیٹر سے بڑھا کر 8.45 روپے فی کلومیٹر کیا گیا ہے۔

پی ایم کسان سمان ندھی کے لئے کے وائی سی لازمی

اگر آپ ’پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا‘ کے مستفید ہیں، تو آپ کے لیے 31 اگست سے پہلے ’ای-کے وائی سی‘ کرانا لازمی ہے۔ اگر ایسا نہ کیا تو اگلی قسط منتقل ہونے میں مشکل ہو سکتی ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کے لیے کے وائی سی کو لازمی قرار دیا ہے۔

جائیداد ہوں گی مہنگی

دہلی سے متصل غازی آباد میں جائیداد خریدنا یکم ستمبر سے مہنگا ہو جائے گا۔ دراصل غازی آباد میں زمینوں کے سرکل ریٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس میں 4 سے 2 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نئے سرکل ریٹ کا اطلاق یکم ستمبر 2022 سے ہوگا۔


گیس سلنڈر کے دام تبدیل

ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں کا ہر مہینے کی یکم تاریخ کو جائزہ لیا جاتا ہے۔ جس کے بعد داموں کو کم یا زیادہ کیا جاتا ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں کا براہ راست اثر عام آدمی کی جیب پر پڑتا ہے۔ کمپنیوں نے ایل پی جی کے کمرشل سلنڈر کے داموں میں 100 روپے تک کی راحت دی ہے اور گھریلو سلنڈر کے داموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔