جن دھن کھاتے بنکوں کے لئے درد سر : چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا ’’مودی حکومت کا جملہ بڑے پیمانے پر فراڈ ثابت ہو ا۔ بینکوں کو بتایا گیا تھا کہ اس کے تحت، بغیر خرچ کیے ان کے پاس بہت بڑی رقم آ جائے گی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔‘‘
نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم جن دھن یوجنا کو مودی حکومت کا ایک اور جملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسی کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ ان اکاؤنٹس کو برقرار رکھنا بینکوں کے لئے دردسر ضرور بن گیا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کا یہ جملہ بڑے پیمانے پر فراڈ ثابت ہو ا ہے۔ بینکوں کو بتایا گیا تھا کہ اس کے تحت، بغیر خرچ کیے ان کے پاس بہت بڑی رقم آ جائے گی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بینکوں کو ان اکاؤنٹس کو جاری رکھنے کے لئے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔حالات یہ ہیں کہ ملک کے سب سے بڑے بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے ان اکاؤنٹس کو قائم رکھنے کے لئے اب تک 775 کروڑ روپے خرچ کر دیئے ہیں۔ مذکورہ اسکیم سے نہ بینکوں کو اور نہ ہی گاہکوں کو کوئی فائدہ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس منصوبہ کے بارے میں لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔جن دھن اکاؤنٹ ہولڈروں کو 30 ہزار روپے کے 'لائف انشورنس' اور 'ایکسیڈنٹ انشورینس کی سہولت' دینے کی تشہیر کی جارہی ہے لیکن یہ نہیں بتایا جا رہا ہے کہ یہ سہولت صرف ان اکاؤنٹ ہولڈروں کے لئے ہے جنہوں نے 15 اپریل 2014 سے 31 جنوری 2015 کے درمیان اکاؤنٹ كھلوائے ہیں۔ اس منصوبہ کے تحت اس کے بعد جو بھی اکاؤنٹ کھلے ہیں انہیں یہ سہولت نہیں دی جا رہی ہے۔
چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت نے اس کے بارے میں حقیقت کو چھپایا ہے۔ان کا مقصد اس کے تحت لوگوں کو سہولت دینا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ اکاؤنٹ كھلوانا تھا اور اس کے لئے لالچ دیا گیا۔اسی کا نتیجہ ہے کہ حکومت کے پاس اس کا جواب نہیں ہے کہ اس منصوبہ کے تحت اب تک کتنے لوگوں کا فائدہ پہنچا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Nov 2018, 10:09 PM