عوام پر مہنگائی کی مار! ایل پی جی سلینڈر کے داموں میں 25 روپے کا اضافہ

گھریلو ایل پی جی سلینڈر کے بعد 19 کلو والا کمرشیل سلینڈر بھی مہنگا ہو گیا ہے، دہلی میں اب اس کی قیمت 1618 کی جگہ 1693 ہو گئی ہے

ایل پی جی سلینڈر / آئی اے این ایس
ایل پی جی سلینڈر / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: نئے مہینے کی شروعات کے ساتھ ہی عوام پر مہنگائی کی ایک اور مار پڑی ہے، کیونکہ ایل پی جی کے داموں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آج یکم ستمبر سے غیر سبسڈی والے گھریلو ایل پی جی سلینڈر کے داموں میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافہ کے بعد اب دہلی میں 14.2 کلو والے ایل پی جی سلینڈر کے دام بڑھ کر 884.50 روپے ہو گئے ہیں۔ اس سے پہلے 18 اگست کو سلینڈر کے داموں میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے یکم جولائی کو گھریلو گیس کی قیمتوں میں 25.20 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

اب 14.2 کلو والا غیر سبسڈی سلینڈر دہلی اور ممبئی میں 884.50 روپے، کولکاتا میں 911 روپے اور چنئی میں 900.50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اس سے پہلے ان شہروں میں گھریلو گیس سلینڈر بالترتیب 859.50 روپے، 911 اور 875 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ گھریلو ایل پی جی سلینڈر ہی نہیں بلکہ 19 کلو والا کمرشیل بھی مہنگا ہو گیا ہے۔


یکم جنوری سے آج تک آٹھ مہینوں میں سلینڈر کے داموں میں 190 روپے کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ یکم جنوری کو دہلی میں گھریلو گیسوں کے سلنڈر کی قیمت 694 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 884.50 ہو گئی ہے۔ سال 2021 کے فروری میں سلینڈر کے دام بڑھ کر 719 روپے ہو گئے۔ اس کے بعد سلنڈر کے دام 15 فروری کو 769 روپے، 25 فروری کو 794 روپے، یکم مارچ کو 819 روپے، یکم اپریل کو 809 روپے، یکم جولائی کو 834.5 روپے، 18 اگست کو 859.5 روپے ہو گئے۔

واضح رہے کہ تیل کمپنیاں ہر ماہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کا جائزہ لیتی ہیں اور اس کے بعد قیمت بڑھانے یا کم کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔ ہر ریاست میں ٹیکس مختلف ہے، جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں فرق نظر آتا ہے۔ مرکزی حکومت فی الحال سال میں 12 گھریلو سلنڈروں پر صارفین کو سبسڈی دیتی ہے۔ اگر کوئی صارف اس سے زیادہ سلنڈر استعمال کرتا ہے تو اسے بازار قیمت پر خریدنا پڑتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 01 Sep 2021, 9:21 AM