مہنگائی کی مار: یکم دسمبر سے ماچس کی ڈبیا، ایل پی جی سلینڈر سے لے کر موبائل ریچارج تک سب کچھ مہنگا
آج سے دسمبر کے مہینے کی شروعات ہو گئی ہے اور یکم دسمبر سے عوام پر مہنگائی کی مار میں اضافہ ہونے جا رہا ہے، جانیں کس کس چیز پر اضافی دام ادا کرنا ہوں گے...
نئی دہلی: آج سے دسمبر کے مہینے کی شروعات ہو گئی ہے اور یکم دسمبر سے عوام پر مہنگائی کی مار میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ آج سے ماچس کی ڈبیا سے لے کر گیس سلینڈر، ٹی وی دیکھنا اور فون پر بات کرنا مزید مہنگا ہو جائے گا۔ آئیے جانتے ہیں آج سے کہ کس کس چیز کے داموں میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔
ایل پی جی سلینڈر
یکم دسمبر سے ایل پی جی سلینڈر کے لئے آپ کو زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے گیس سلینڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ کمرشیل (تجارتی) سلینڈر پر کیا گیا ہے۔ تاہم گھریلو گیس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ تجارتی سلینڈر کے داموں میں اضافہ کے بعد دہلی میں اب یہ 2101 روپے میں دستیاب ہوگا۔
دیاسلائی کی ڈبیا
دیاسلائی یعنی ماچس کی ڈبیا کے داموں میں 14 برسوں کے بعد اضافہ ہوا ہے۔ اب ماچس کی ڈبیا خریدنے کے لئے ایک روپے کے بجائے 2 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس سے پہلے سال 2007 میں ماچس کی ڈبیا کے داموں کو 50 پیسے سے بڑھا کر ایک روپے کیا گیا تھا۔
ریلائنس جیو کے ٹیرف میں اضافہ
آج سے ریلائنس جیو کا استعمال کرنے والے موبائل فون صارفین کو بھی جھٹکا لگنے جا رہا ہے۔ یکم دسمبر سے جیو کے 24 دن سے لے کر 365 دن تک کی ویلیڈٹی والے متعدد پلانز کے داموں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جیو کے صارفین کو ریچارج کے لئے اب 8 سے 20 فیصد تک زیادہ دام ادا کرنا ہوں گے۔ اب خیال رہے کہ بھارتی ایئرٹیل اور ووڈافون آئیڈیا نومبر کے آخر میں ہی اپنے ٹیرفس میں اضافہ کر چکی ہیں۔
ایس بی آئی کریڈٹ کارڈ کی ایم ایم آئی مہنگی
اگر آپ ایس بی آئی کا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں اب آپ کے خرچ میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ ایس بی آئی نے کریڈٹ کارڈ کی ای ایم آئی سے خریدداری کرنے پر یکم دسمبر سے اضافی 99 روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ 99 روپے آپ کو پروسیسنگ فیس کے طور پر اس وقت ادا کرنا ہوں گے جب آپ ایمیزون یا فلپ کارٹ جیسی ای کامرس ویب سائٹ سے کوئی چیز ای ایم آئی کے ذریعے خریدیں گے۔
پی این بی کی شرح سود میں کمی
پی این بی نے بچت کھاتہ برداروں کو بڑا جھٹکا دیتے انہیں حاصل ہونے والے سود کی شرح میں کمی کر دی ہے۔ بینک نے سالانہ شرح سود کو 2.90 فیصد سے گھٹا کر 2.80 فیصد کر دیا ہے۔ بینک کا یہ نیا فیصلہ یکم دسمبر یعنی آج سے نافذ العمل ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Dec 2021, 8:48 AM