ہندوستان نے مالدیپ کی مدد کے لیے ضروری سامان کی محدود برآمد کو منظوری دی
مالدیپ کے ساتھ کچھ عرصے سے ناخوشگوار تعلقات کے باوجود ہندوستان نے جمعہ کو خیر سگالی کے طور پر پڑوسی ملک کو چینی، گندم، چاول، پیاز اور انڈے سمیت اشیائے ضروریہ کی محدود برآمد کی اجازت دے دی
نئی دہلی: مالدیپ کے ساتھ کچھ عرصے سے ناخوشگوار تعلقات کے باوجود ہندوستان نے جمعہ کو خیر سگالی کے طور پر پڑوسی ملک کو چینی، گندم، چاول، پیاز اور انڈے سمیت اشیائے ضروریہ کی محدود برآمد کی اجازت دے دی۔
خیال رہے کہ مالدیپ کی نئی حکومت کے چین کی طرف جھکاؤ کے درمیان ہندوستان نے گھریلو افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے ان غذائی مصنوعات کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔ تاہم، اس نے ان اشیاء کی محدود برآمدات کے لیے ایک کھڑکی کھلی رکھی ہے تاکہ اتحادی ممالک کو سخت ضرورت میں مدد مل سکے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (ڈی جی ایف ٹی) کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالدیپ کو 124218 ٹن چاول، 109162 ٹن گندم کا آٹا، 64494 ٹن چینی، 21513 ٹن آلو، 35749 ٹن پیاز اور 42.75 کروڑ انڈے برآمد کرنے کا انتظام ہے۔
اس کے علاوہ ہندوستان نے تعمیراتی سامان کے طور پر استعمال ہونے والے پتھر اور دریائی ریت کی 10-10 لاکھ ٹن مقدار برآمد کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالدیپ کو ان اشیاء کی برآمدات 2024-25 کے دوران کسی بھی موجودہ یا مستقبل کی پابندیوں یا ممانعت سے مستثنیٰ ہوں گی۔
خیال رہے کہ ہندوستان کے مالدیپ کے ساتھ برسوں سے قریبی سفارتی تعلقات رہے ہیں لیکن اکتوبر میں صدر محمد معیذو کے اقتدار میں آنے کے بعد سے وہ خود کو ہندوستان سے دور کرنے اور چین کے قریب جانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تاہم، معیذو حکومت نے حال ہی میں قرض کی ادائیگی پر ہندوستان سے رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، جو اپنے بڑے پڑوسی پر انحصار کو ظاہر کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔