’اشوک لے لینڈ‘ کی فروخت میں 50 فیصد گراوٹ، آج سے 5 دنوں کے لئے پروڈکشن بند
آٹوسیکٹر سے لگاتار بری خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اب ’اشوک لے لینڈ‘ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ فروخت میں گراوٹ کی وجہ سے وہ آج سے اپنا پروڈکشن یونٹ پانچ دن کے لئے بند رکھے گا۔
ٹرک بنانے والی بڑی کمپنی ’اشوک لے لینڈ‘ نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ یعنی آج سے وہ پانچ روز کے لئے اپنا پروڈکشن یونٹ بند کر رہی ہے۔ انگریزی روزنامہ ’بزنس اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق کمپنی نے اپنے ملازمین کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کا پلانٹ اس ہفتہ 6 اور 7 ستمبر کو اور اگلے ہفتہ 10 اور 11 ستمبر کو بند رہے گا، جبکہ 9 ستمبر کے بارے میں پہلے ہی بتایا دیا گیا ہے کہ وہ کام نہ کرنے والا دن رہے گا۔ واضح رہے کہ اگست 2019 میں اشوک لے لینڈ کی فروخت میں 50 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔
قابل غور ہے کہ اس سے قبل اسی ہفتہ میں ماروتی سوزوکی انڈیا نے اپنے مانیسر اور گروگرام کے پروڈکشن یونٹ 7 ستمبر اور 9ستمبر کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور انہوں نے یہ اس لئے کیا ہے کیونکہ انھیں بہت زیادہ مندی کا سامنا ہے۔اگست میں زبردست مندی کی وجہ سے پروڈکشن 33.99فیصد گر گیا ہے اور یہ لگاتار ساتواں ماہ ہے جب کمپنی نے مندی کی وجہ سے اپنی پیدوار میں کمی کی ہے۔واضح رہے کہ اس سال اگست ماہ میں کمپنی نے 1,11,370 یونٹ بنائے جبکہ اسی ماہ میں گزشتہ سال 1,68,725یونٹ بنائے تھے۔
آٹو سیکٹر کی خراب حالت کو دیکھتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے کہا ہے کہ حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، یہاں تک کے جی ایس ٹی میں کمی بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت سڑکوں کے 68 نئے منصوبہ بھی اگلے تین ماہ میں شروع کرے گی جن کی لاگت پانچ لاکھ کروڑ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان نئے منصوبوں کی وجہ سے کمرشیل گاڑیوں کی ڈیمانڈ بڑھے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔