جموں و کشمیر، لداخ کے سرکاری ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کا فائدہ دینے کا اعلان
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مرکز کے زیر انتظام بنی نئی ریاستوں کے سرکاری ملازمین کے لئے ساتویں پے کمیشن کے مطابق تنخواہ اور بھتوں سے متعلق تجویز کو منظور کرلیا ہے
نئی دہلی: جموں و کشمیر کی تقسیم کے بعد مرکز کے زیر انتظام بنی نئی ریاست لداخ اور جموں و کشمیر میں تعینات سبھی موجودہ ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق تنخواہ اور بھتے ملیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مرکز کے زیر انتظام بنی نئی ریاستوں کے سرکاری ملازمین کے لئے ساتویں پے کمیشن کے مطابق تنخواہ اور بھتوں سے متعلق تجویز کو منظور کرلیا ہے۔ اس فیصلے کا فائدہ 4لاکھ 50ہزار سے زیادہ سرکاری ملازمین کو ملے گا اور اس پر ایک اندازے کے مطابق 4800کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ وزارت داخلہ نے اس سے متعلق حکم جاری کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 5 اگست کو جموں و کشمیر کی تقسیم کر کے مرکز کے زیر انتظام دو نئی ریاستیں بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ دونوں ریاستیں 31 اکتوبر سے وجود میں آجائیں گی۔ وزیر اعظم نریندرمودی نے 8 اگست کو قوم کے نام بھیجے گئے پیغام میں کہا تھا کہ لداخ اور جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین کو بھی ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کا فائدہ جلد دیا جائے گا۔
اس تجویز کو منظور کیے جانے کے بعد موجودہ جموں و کشمیر ریاست میں تعینات 4.5 لاکھ سرکاری ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق سبھی بھتے جیسے بچوں کے لئے تعلیمی بھتے، ہاسٹل بھتے، ٹرانسپورٹ بھتے، ایل ٹی سی بھتے، طے طبی بھتے دیئے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Oct 2019, 10:00 PM