مودی حکومت میں مالی خسارہ کنٹرول میں رہا: سیتا رمن
بے روزگاری کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے ہیں اور مختلف منصوبوں کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔
نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں ملک کا مالیاتی خسارہ قابومیں ہے اور بنیادی خسارہ ایک فیصد سے نیچے کم ہے جبکہ کانگریس حکومت اس پر قابو پانے میں ناکام رہی۔
سیتا رمن نے لوک سبھا میں بجٹ 2020-21 پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ حکومت نے معیشت کو 2014-15 سے اب تک مالیاتی خسارے میں کمی لانے کی کوشش کی اور کامیاب رہی ہے جبکہ 'قابل ڈاکٹر' کے قیادت والی کانگریس حکومت اس پر کنٹرول نہیں پا سکی۔
انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2014-15 میں مالی خسارہ 4.1 فیصد، 2015-16 اور 2016-17 میں 3.5 فیصد، 2017-18 میں 3.4 فیصد، 2019-20 میں 3.3 فیصد اور اب 2020-21 میں 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے لیکن 2009-10 میں یہ 6.4 فیصد، 2010-11 میں 6.6 فیصد، 2012-13 میں 5.9 فیصد اور 2013-14 میں 5.8 فیصد تھا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسی طرح سے بنیادی نقصانات کی سطح پر بھی مودی حکومت نے مثال قائم کی ہےاور پانچ سال میں اسے ایک فیصد سے نیچے رکھنے میں کامیاب رہی جبکہ پہلے یہ اس طرح کنٹرول میں نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مالی ذمہ داری اور بجٹ کے انتظام ایکٹ کا احترام کرتی ہے اس لیے ان کی حکومت کو یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بے روزگاری کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے ہیں اور مختلف منصوبوں کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔