ٹماٹر کی گراں بازاری: میک ڈونلڈز نے ہندوستان میں اپنے کھانوں میں ٹماٹر کا استعمال کیا بند!
میکڈونلڈز نے شمالی اور مشرقی ہندوستان میں اپنے بیشتر آؤٹ لیٹس پر کھانے کی تیاری میں ٹماٹر کا استعمال بند کر دیا ہے۔ اس کی وجہ ٹماٹر کی قیمتوں میں ہونے والا پانچ گنا اضافہ بتایا گیا ہے
نئی دہلی: میکڈونلڈز نے شمالی اور مشرقی ہندوستان میں اپنے بیشتر آؤٹ لیٹس پر کھانے کی تیاری میں ٹماٹر کا استعمال بند کر دیا ہے۔ اس کی وجہ ٹماٹر کی قیمتوں میں ہونے والا پانچ گنا اضافہ بتایا گیا ہے کیونکہ خراب موسمی حالات کی بنا پر فصل کی پیداوار متأثر ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق، عالمی فاسٹ فوڈ چین نے کہا ہے کہ ٹماٹر کا استعمال بند کر دینے کی وجوہات میں معیاری مصنوعات کی عدم دستیابی اور قیمت میں تیزی سے اضافہ شامل ہیں۔ ہندوستانی گھریلو اشیاء کی قیمتوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ مون سون میں تاخیر، موسلادھار بارشوں، اور معمول سے زیادہ گرم درجہ حرارت نے ملک میں فصلوں کو متاثر کیا ہے۔
ٹماٹر پورے ہندوستان کے کھانوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں اور ان کی قیمت میں اضافہ وسیع پیمانے پر مظاہروں کا باعث بن سکتا ہے، جیسے پہلے پیاز کی قیمت میں اضافے کے خلاف کیے گئے تھے۔ ان مظاہروں نے جنوبی ایشیا کے ملک میں حکومتوں کو واقعی گرا دیا ہے۔
چھ جولائی کو شائع ہونے والے ریزرو بینک آف انڈیا کے محققین کے ایک مطالعہ کے مطابق، لاگت میں کمی بیشی سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مرکزی بینک کی کوششیں بھی متأثر ہوسکتی ہیں۔ اور مالی طور پر کمزور طبقات پر اس کے غیر متناسب اثرات ہوں گے۔
مطالعہ میں کہا گیا ہے کہ ٹماٹر، پیاز، اور آلو ملک کے کنزیومر پرائس انڈیکس کمبائنڈ باسکٹ کا ایک چھوٹا حصہ ہیں لیکن ہیڈ لائن افراط زر کے اتار چڑھاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی قیمتوں میں اضافہ دیگر سبزیوں اور اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کا باعث بن سکتا ہے اور اس سے مہنگائی اور غذائی تحفظ پر منفی اثر ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔