کوبرا پوسٹ کا انکشاف: ڈی ایچ ایف ایل نے کیا 31 ہزار کروڑ کا گھوٹالہ، بی جے پی کو چندے میں دیئے 20 کروڑ!
دیوان ہاؤسنگ فنانس لمیٹڈ (ڈی ایچ ایل ایف) نے عوام کے 31 ہزار روپے کی ہیر پھیر کی ہے اور اس سے نجی دولت جمع کی۔ اس کے لئے ڈی ایچ ایل ایف نے فرضی کمپنیوں کا سہارا لیا، یہ انکشاف کوبرا پوسٹ نے کیا ہے۔
کوبرا پوسٹ نے ایک سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ہاؤسنگ فنانس کے کاموں سے وابستہ غیر بینکنگ کمپنی ڈی ایچ ایل ایف (دیوان ہاؤسنگ فنانس لمیٹڈ) نے عوام کے مجموعی طور پر 31 ہزار روپے کا گھوٹالہ کیا ہے۔ کوبرا پوسٹ کے مطابق یہ گھوٹالہ فرضی کمپنیوں کو قرض اور پیشگی ادائیگی (لون اینڈ ایڈوانس) کے ساتھ دیگر طریقے اپنا کر کیا گیا ہے۔ ڈی ایچ ایل ایف نے نہ صرف بڑے پیمانے پر گھوٹالہ کیا بلکہ ملک کی بے شمار دولت بیرن ملک منتقل بھی کر دی ہے۔
کوبرا پوسٹ کی جانچ میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایچ ایل ایف نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بی جے پی کو 20 کروڑ کا چندا دیا ہے، جبکہ چندا اس سے کہیں زیادہ کا دیا گیا ہے۔ دعوے کے مطابق مالی سال 2014-15 اور 2016-17 میں کمپنی نے برسر اقتدار بی جے پی کو 19.5 کروڑ کا چندا دیا ہے۔ یہ آر کے ڈبلیو ڈیولپرس لمیٹڈ، اسکل ریائلٹرس پرائیویٹ لمیٹڈ اور درشن ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ دیا گیا، یہ تمام کمپنیاں وادھوان خاندان سے وابستہ ہیں۔
جانچ میں دعوی کیا گیا ہے کہ آر کے ڈبلیو نے اپنی بیلنس شیٹ میں 2014-15 کے دوران کسی بھی چندے کا ذکر نہیں کیا ہے۔ اسی طرح اسکل ریائلٹرس نے بھی 2014-15 میں بی جے پی کو 2 کروڑ روپے دیئے لیکن اپنی بیلنس شیٹ میں اس کا ذکر نہیں کیا۔
کوبرا پوسٹ نے اس سلسلہ میں دہلی میں منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کر کے یہ پردہ فاش کیا۔ کوبرا پوسٹ نے اسے ملک کا سب سے بڑا مالی گھوٹالہ قرار دیا ہے۔ کوبرا پوسٹ کی ٹیم کا دعوی ہے کہ اس انکشاف میں کسی اسٹنگ آپریشن کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ جو بھی دستاویزات عوامی طور پر دستیاب ہیں انہیں کی بنیاد پر جانچ کی گئی ہے۔
اس پریس کانفرنس میں سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا، سینئر صحافی پریم شنکر جھا، ہیمندر ہزاری، جوسی جوزف، پرانجوئے گہا ٹھاکرتا، انیردھ بہل اور سینئر ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن موجود تھے۔
انکشاف کے دوران بتایا گیا کہ دیوان ہاؤسنگ فنانس لمیٹڈ کا کل سرمایہ 8700 کروڑ روپے ہے اور اس نے پبلک ڈیپازٹ اور قرض کے ذریعہ 96000 کروڑ روپے جمع کیے۔ جانچ میں بتایا گیا کہ ’’بینکوں نے ڈی ایچ ایل ایف کو 37000 کروڑ روپے دیئے۔ جن بینکوں نے اسے رقوم دی اس میں اسٹیٹ بینک نے 11500 روپے اور بینک آف بڑودا نے 5000 کروڑ روپے دیئے۔‘‘
انکشاف میں دعوی کیا گیا ہے کہ ڈی ایچ ایل ایف کے فنڈ سے تقریباً 21477 کروڑ وپے مختلف فرضی کمپنیوں کو قرض اور سرمایہ کاری کے طور پر منتقل کیے گئے۔ اس کے لئے کمپنی نے کارپوریٹ افیئرس منسٹری کو کوئی اطلاع نہیں دی۔ رقم کے لین دین کے تار درجنوں فرضی کمپنیوں تک پہنچ کر گم ہو جاتے ہیں لیکن ان تمام کمپنیوں کا تعلق ڈی ایچ ایل ایف کے پروموٹر وادھوان خاندان سے ہے۔
کوبرا پوسٹ کے ایڈیٹر انیرودھ بہل نے دعوی کیا کہ یہ گھوٹالہ کم از کم 31 ہزار کروڑ روپے کا ہے۔ انکشاف میں کوبرا پوسٹ نے کہا کہ اس رقم سے ہندوستان اور بیرون ممالک میں نجی ملکیت خریدی گئی ہیں۔ جن ممالک میں املاک خریدی گئیں ان میں برطانیہ، دبئی، سری لنگا اور موریشس شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔