تلنگانہ میں چکن کا کاروبار: کورونا کی وجہ سے گراوٹ اور کورونا کی وجہ سے ہی اچھال
صحت کے ماہرین اور ڈاکٹرس کے مطابق چکن قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور کوویڈ 19 وائرس سے لڑنے کی راہ میں جسم کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے
حیدرآباد: کورونا نے زندگی کے تمام شعبہ جات پر اپنا اثر چھوڑا اور بیشتر تاجرین نے مالی مشکلات کا سامنا کیا تاہم چکن کا کاروبا جس پر بھی کورونا سے اثرپڑا تھا ایک مرتبہ پھر اس سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا کیونکہ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر مقامات کے چن سنٹرس پر لوگوں کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔صحت کے ماہرین اور ڈاکٹرس کے مطابق چکن قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور کوویڈ19وائرس سے لڑنے جسم کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اس مشورہ کے مطابق لوگوں نے دیسی ساختہ چکن کے استعمال میں ان دنوں اضافہ کردیا ہے۔پولٹری فارم مالکین نے اس صورتحال کافائدہ اٹھاتے ہوئے برائلرس اور دیسی ساختہ چکن کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔اب چکن کا کاروبارچل پڑا ہے۔دیسی چکن کی طلب میں اضافہ کے پیش نظر چکن سنٹرس کے مالکین اپنی دکانات پر برائلرس کے ساتھ ساتھ دیسی چکن بھی رکھ رہے ہیں۔
شہر کی چکن مارکٹس کی موجودہ صورتحال گذشتہ چار ماہ پہلے کی صورتحال سے بالکل مختلف ہے جہاں کسی نے بھی چکن کی خریداری میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی تاہم اب صورتحال بدل گئی ہے اور ایک مرتبہ پھر چکن،عوام میں مقبول ہوگیا ہے۔قبل ازیں صرف چند افراد ہی دیسی چکن کا استعمال کرتے تھے تاہم اب بڑی تعداد میں لوگوں نے اس میں دلچسپی دکھانی شروع کردی ہے۔
چکن دو طرح کے ہوتے ہیں۔ ایک فارم والا چکن اور دوسرا مواضعات میں پالا جانے والا چکن۔ موجودہ طورپر گاوں میں پالے جانے والے چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ لوگ اس کو کافی پسند کررہے ہیں اور برائلرس پر اس کو ترجیح دے رہے ہیں۔حیدرآباد کی چکن کی دکانات کے مالکین نے دعوی کیا کہ لوگوں نے قبل ازیں دیسی چکن کی خریداری میں دلچسپی نہیں لی تھی تاہم اب وہ اس کا انتخاب کررہے ہیں کیونکہ ڈاکٹرس نے اس کے استعمال کا ان کو مشورہ دیا ہے کیونکہ اس سے کوویڈ سے لڑنے کے لئے جسم میں قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔
صورتحال کی مناسبت سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔بیشتر دکانات مالکین دیسی چکن 500 تا 600 روپئے کیلو فروخت کررہے ہیں۔ خریداروں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔فارم کے چکن 350 تا 400 روپئے فی کیلو کے حساب سے فروخت ہورہے ہیں۔ چکن کا کاروبار جس میں کورونا کی وجہ سے گراوٹ ہوگئی تھی میں ایک مرتبہ پھر کورونا کی ہی وجہ سے اچھال دیکھا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔