مودی حکومت کو ایک اور جھٹکا: عالمی بینک کا ہندوستان کی شرح نمو کم ہونے کا امکان

اس سے پہلے کریڈٹ ریٹنگ کی ایجنسی موڈیز نے 2019 کے لئے اقتصادی محاذ پر ہندوستان کو جھٹکا دیا تھا، موڈیز کے مطابق ہندوستان کی جی ڈی پی گروتھ 6.2 فیصد رہنے کا امکان ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک کی بگڑی ہوئی معیشت کے درمیان مرکز کی مودی حکومت کو معاشی محاذ کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔ عالمی بینک نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ہندوستان کی شرح نمو کافی کم ہونے جا رہی ہے۔ عالمی بینک کا امکان ہے کہ ہندوستان کی شرح نمو 6 فیصد تک گر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ سال 2018-19 میں ہندوستان کی شرح نمو 6.9 فیصد تھی۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ ہندوستان کی ترقی کی شرح مسلسل دوسرے سال کم ہوئی ہے۔ یہ 2017-18 میں 7.2 فیصد تھی جو 2018-19 میں کم ہوکر 6.8 فیصد ہو گئی۔۔ ساؤتھ ایشیا اکنامک فوکس کے تازہ ترین ایڈیشن میں عالمی بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ سال 2021 میں ہندوستان 6.9 فیصد کی شرح نمو کو دوبارہ بازیافت کرسکتا ہے۔


قبل ازیں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی 2019 کے اقتصادی محاذ پر ہندوستان کو جھٹکا دیا تھا۔ موڈیز نے ہندوستان کی جی ڈی پی نمو کو کم کر دیا ہے۔ موڈیز کے مطابق، ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 6.2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ موڈیز نے پہلے توقع ظاہر کی تھی کہ ہندوستان کی معیشت 6.8 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی لیکن بعد میں موڈیز کے جی ڈی پی کی شرح نمو کے اضافے کے تخمینے کو 0.6 فیصد کم کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی 2020 کے لئے جی ڈی پی کی شرح نمو کے تخمینہ کو بھی 7.30 سے کم کر کے 6.7 فیصد کر دی۔

موڈیز کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معیشت میں سست روی نے ایشیائی برآمدات کو بری طرح متاثر کیا ہے اور غیر یقینی کاروباری ماحول سرمایہ کاری پر اثر انداز ہوا ہے۔ قبل ازیں، جاپان کی بروکریج کمپنی نمورا نے بھی جون کی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو کے 5.7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Oct 2019, 2:01 PM