کمر توڑ مہنگائی! رمضان کے موقع پر گراں بازاری سے لوگ پریشان، تھوک افراط زر 8 سال کی بلند ترین سطح پر
پٹرولیم اور معدنیات کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے مارچ 2021 میں تھوک قیمتوں پر مبنی تھوک افراط زر کی شرح آٹھ برس کی بلند ترین سطح پر 7.39 فیصد پہنچ گئی ہے
نئی دہلی: پٹرولیم اور معدنیات کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے مارچ 2021 میں تھوک قیمتوں پر مبنی تھوک افراط زر کی شرح آٹھ برس کی بلند ترین سطح پر 7.39 فیصد پہنچ گئی ہے۔ اس قدر مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
وہیں رمضان کے موقع گراں بازاری سے بھی لوگ پریشان ہیں اور روزہ داروں کو سحری اور افطار کے لئے پھل اور سبزی خریدنے کے لئے زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ ایک دو روز پہلے تک پھل اور سبزیوں کے جو دام تھے اچانک رمضان کے بعد ان میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ گراں بازاری سے گوشت بھی اچھوتا نہیں ہے کئی شہروں میں گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکومت کے جمعرات کو یہاں جاری اعداد و شمار کے مطابق ، مارچ 2020 میں تھوک قیمت میں تھوک افراط زر 0.42 فیصد تھی۔ فروری 2021 میں تھوک افراط زر کی شرح 4.17 فیصد تھی۔ اعداد و شمار مطابق تھوک افراط زر میں مسلسل تیسرے ماہ اضافہ ہوا ہے۔ مارچ 2021 میں افراط زر کی شرح 8 مہینے کے بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2012 میں تھوک افراط زر کی شرح 7.2 فیصد درج کی گئی تھی۔
مارچ 2021 میں خوردنی اشیا کی تھوک افراط زر کی شرح 5.28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ فروری 2021 میں یہ اعداد و شمار 3.31 فیصد تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق ، مارچ 2021 میں، خام تیل کی قیمت میں 73.70 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح پٹرول اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی 32.15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ معدنی کی قیمتوں میں 10.20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ رسوئی گیس۔ ایل پی جی کی قیمت میں 10.30 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 18.480 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 18.27 فیصد کمی آئی ہے۔
اشیائے خوردنی اشیا میں دھان کی قیمتوں میں 1.38 فیصد، دال دلہن 13.14 فیصد ، پھلوں میں 16.33 فیصد ، دودھ میں 2.65 فیصد اور گوشت ، مچھلی اور انڈوں کی قیمتوں میں 5.38 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ تاہم موٹے اناج کی قیمتوں میں 1.38 فیصد ، گندم میں 7.80 فیصد ، سبزیوں میں 5.19 فیصد ، آلو کی قیمتوں میں 33.10 فیصد کمی آئی ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Apr 2021, 2:42 PM