دہلی-این سی آر کے لوگوں پر مہنگائی کا ایک اور حملہ، سی این جی کے داموں میں 2 روپے کا اضافہ

اندرپرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے اتوار کی صبح 6 بجے سے دہلی-این سی آر میں کمپریسڈ نیچورل گیس (سی این جی) کے داموں میں دو روپے فی کلوگرام کا اضافہ کر دیا ہے

سی این جی، تصویر آئی اے این ایس
سی این جی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: اندرپرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے اتوار کی صبح 6 بجے سے دہلی-این سی آر میں کمپریسڈ نیچورل گیس (سی این جی) کے داموں میں دو روپے فی کلوگرام کا اضافہ کر دیا ہے۔ تازہ اضافہ کے بعد اب دہلی میں سی این جی کے دام 73.61 روپے فی کلوگرام، نوئیڈا میں 76.17 روپے فی کلوگرام اور گڑگاؤں میں 81.94 روپے فی کلوگرام ہو گئے ہیں۔

دریں اثنا، آئی جی ایل نے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سی این جی کے داموں میں اضافہ کیا ہے۔ ریواڑی میں سی این جی 84.07 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہی ہے۔ اضافہ کے بعد کرنال اور کیتھل میں اس کے دام 82.27 روپے، کانپور، حمیرپور اور فتح پور میں 85.40 اور اجمیر، پالی اور راجسمند میں 83.88 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئے ہیں۔


حال ہی میں اتر پردیش کے کچھ شہروں میں بھی سی این جی اور پی این جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ گیس کی خرید قیمت میں اضافے کی وجہ سے راجدھانی لکھنؤ، اناؤ اور آگرہ میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہو اتھا۔

ادھر، ہندوستان کے گھریلو بازار میں پٹرول اور ڈیزل کے دام اپنی بلند ترین سطح پر برقرار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود قومی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل مستحکم ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اپریل سے گھریلو مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے درمیان ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔