پٹرول-ڈیزل کے بعد ’سی این جی‘ و ’پی این جی‘ کے داموں میں بھی اضافہ، نئی قیمتیں آج سے نافذ العمل
پٹرول-ڈیزل کے داموں سے پریشان عوام کو ایک اور جھٹکا اس وقت لگا جب گیل انڈیا، بی پی سی ایل اور دہلی حکومت کے مشترکہ ادارے آئی جی ایل نے سی این جی اور پی این جی کے داموں میں اضافہ کر دیا
نئی دہلی: گیل انڈیا، بی پی سی ایل اور دہلی حکومت کے مشترکہ ادارے (اندرپرستھ گیس لمیٹڈ) آئی جی ایل نے پیر کے روز سی این جی (کمپریسڈ نیچرل گیس) اور پی این جی (پائپڈ نیچرل گیس) کے داموں میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئی جی ایل نے دہلی، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، کانپور، فتح پور، حمیر پور، مظفرنگر، شاملی، کرنال، کیتھل اور ریواڑی میں قیمتوں میں ترمیم کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ کورونا کی وبا کے پڑ رہے اثرات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ آئی جی ایل نے سی این جی کے داموں میں 70 پیسے فی کلوگرام اور گھریلو پی این جی کے داموں میں 91 روپے فی اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر (ایس سی ایم) کا اضافہ کیا ہے۔
گیس کی بڑھی ہوئی قیمتیں آج (منگل) صبح 6 بجے سے نافذ العمل ہو گئیں۔ نئی قیمتوں کے مطابق دہلی میں سی این جی کی قیمت 43.40 روپے فی کلو ہو گئی۔ جبکہ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں اس کی قیمت 49.08 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ کانپور، حمیر پور، فتح پور میں سی این جی کی قیمت 60.50 روپے فی کلو ہو گی۔ جبکہ، مظفر نگر اور شاملی میں اس کی قیمت 57.25 روپے فی کلو ہوگی۔ ہریانہ کے ریواڑی میں ایک کلو سی این جی کی قیمت اب 54.10 روپے ہوگی۔ جبکہ کرنال اور کیتھل میں 51.38 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔ قیمت میں اضافے کے باوجود ملک کا سب سے سستی سی این جی دہلی میں ہی دستیاب ہے۔
کیش لیس لین دین کے عمل کو فروغ دینے اور ’آف پیک‘ اوقات میں گیس بھروانے والے گاہکوں کو کیش بیک اسکیم بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ سی این جی کے داموں میں اضافے کے سبب آٹو کی سواری پر 2 پیسے فی کلومیٹر اور ٹیکسی پر 4 پیسے فی کلومیٹر کا اضافہ ہوگا۔ خیال رہے کہ پٹرول کاروں کے مقابلے میں سی این جی گاڑیاں ابھی بھی کافی کفایتی ہیں۔
دہلی میں پی این جی کے دام 27.50 روپے سے بڑھ کر 28.41 روپے فی ایس سی ایم ہو گیے۔ وہیں نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں اس کے دام 28.36 روپے فی ایس سی ایم ہو گیے۔ ریواڑی اور کرنال میں یہ دام 28.46 روپے اور شاملی، مظفر نگر اور میرٹھ میں 32.67 روپے فی ایس سی ایم ہوں گے۔
آئی جی ایل کنیکٹ موبائل ایپ کے ذریعے ادائیگی پر 15 روپے کی مراعات دی جا رہی ہیں۔ خیال رہے کہ آئی جی ایل دہلی میں 10 لاکھ سے زیادہ اور نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، مظفر نگر، کرنال اور شاملی میں تقریباً 6 لاکھ گھروں کو پی این جی کی فراہمی کرتی ہے کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Mar 2021, 8:40 AM