19سال کی عمر میں دنیا چھوڑ دینے والی ’دنگل گرل‘ سہانی بھٹناگر آخر کس بیماری کی شکار ہوئی؟
سہانی بھٹناگر نے اتنی کم عمر میں عامر خان کی فلم ’دنگل‘ میں اتنی عمدہ اداکاری کی کہ ان کا کردار لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہو گیا۔ اس کے بعد انہوں نے کئی اشتہارات میں بھی کام کیا
فریدآباد: فلم ’دنگل‘ میں پہلوان ببیتا پھوگاٹ کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی سُہانی بھٹناگر کا ہفتہ (17 فروری) کو محض 19 سال کی عمر میں دہلی کے ’ایمس‘ میں انتقال ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو ماہ قبل سہانی کے ہاتھ سوج گئے تھے اور اس کے جسم پر سرخ دھبّے پڑنے لگے تھے۔ پھر Dermatomyositis (ڈرماٹومیوسائٹس) نامی بیماری کی وجہ سے اس کے جسم میں پانی بھر گئے اور پھیپھڑے خراب ہو گئے، جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔
سہانی بھٹناگر کے والدین نے بیٹی کی بیماری اور علاج کے بارے میں بتایا ہے۔ ’امراجالا‘ پر شائع خبر کے مطابق سہانی بھٹناگر کے والد پونیت بھٹناگر نے بتایا کہ ’’ان کی بیٹی ڈرماٹومیوسائٹس نامی بیماری کی شکار ہو گئی تھی۔ دو ماہ قبل بیٹی کے ہاتھ پر سرخ دھبے بننے شروع ہوگئے۔ مجھے لگا کہ بیٹی کو کوئی الرجی وغیرہ ہو گئی ہے۔ ہم نے فرید آباد کے کئی بڑے اسپتالوں میں اس کا علاج کروایا، لیکن کسی بھی اسپتال کے ڈاکٹر اس بیماری کو نہیں پکڑ سکے۔ جب بیٹی کی حالت زیادہ خراب ہونے لگی تو گزشتہ منگل (13 فروری) کو ہم اسے دہلی کے مشہور اسپتال ’ایمس‘ میں علاج کی غرض سے لے گئے لیکن وہاں بھی اس کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی اور رفتہ رفتہ اس کے پورے جسم میں پانی بھرنے لگا۔ پھر پانی بھرنے سے ہی اس کے پھیپھڑے خراب ہوگئے اور اس نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔‘‘
سہانی بھٹناگر کی موت پر فلم اسٹار عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے اس نے لکھا ہے’’ہمیں اپنی سہانی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ ہماری دلی تعزیت ان کی ماں پوجا جی اور پورے خاندان کے ساتھ ہے۔ اتنی باصلاحیت لڑکی اور ایسی ٹیم پلیئر کے بغیر دنگل ادھوری رہتی۔ سہانی تم ہمیشہ ہمارے دلوں کی اسٹار بنی رہو گی۔ تمہاری روح کو سکون ملے۔‘‘
والدہ پوجا بھٹناگر نے بتایا کہ ’’ان کی بیٹی کو شروع سے ہی ماڈلنگ اور اداکاری کا شوق تھا۔ اس کی وجہ سے ان کی بیٹی کو دہلی میں انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔ جہاں 1000 بچوں میں سے ان کی بیٹی کے ساتھ ایک اور لڑکی کا انتخاب کیا گیا۔ جس کے بعد بیٹی نے فلم دنگل میں ببیتا پھوگاٹ کا کردارادا کیا۔‘‘ سہانی بھٹناگر فریدآباد کے سیکٹر 17 میں رہتی تھی۔ وہ فی الحال ماس کمیونیکیشن کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ وہ فرید آباد کے ’مانو رچنا ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ‘ میں دوسرے سال میں پڑھ رہی تھی۔ اس کا خواب تھا کہ وہ پڑھائی کے بعد اداکاری میں اپنا کیریئر بنائے لیکن اس کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔ اس کی موت سے پورا خاندان صدمے میں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔