ہم دہشت گردی کے واقعات میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے دکھ اور تکلیف میں شریک ہیں: گوٹیرس
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے اتوار کو کہا کہ ہم ان لوگوں کے درد اور تکلیف میں شامل ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں اپنوں کو کھویا اور ہم ان کی بات سننے کا عہد کرتے ہیں
جنیوا: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے اتوار کو کہا کہ ہم ان لوگوں کے درداورتکلیف میں شامل ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں اپنوں کو کھویا اور ہم ان کی بات سننے کا عہد کرتے ہیں۔ گٹیرس نے یہ بات آج یہاں 'دہشت گردی کے متاثرین کو یاد اور خراج عقیدت کے عالمی دن' کے موقع پر دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہی۔
اپنے پیغام میں، انہوں نے کہا، "ہم دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائیوں سے بچ جانے والوں کی آواز اٹھا کر، ان کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔ 21 اگست عکاسی، پہچان اور عمل کا دن ہے۔ ہم ان لوگوں کے درد اور تکلیف کو دل کی گہرائیوں سے محسوس کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے اور ہم ان کی بات سننے اور ان سے سیکھنے کا عزم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، "رکن ممالک کو قانونی، طبی، نفسیاتی، یا مالی امداد فراہم کرنے کے لیے متحرک کرکے انسانیت کوشرمسار کرنے والے کام سے متاثرہ افراد کےدرد کو محسوس کرکے انہیں عزت کے ساتھ جینے کی راہ ہموارکرنے کی ضرورت ہے۔"
انہوں نے کہا، "اس عالمی دن کا موضوع یادوں کی اہمیت پر مرکوز ہے۔ دہشت گرد حملے کے ابتدائی جھٹکے کے بعد اکثرمتاثرین خودکو تنہا محسوس کرتے ہیں۔ متاثرہ اوربچ جانے والوں کو یادرکھنا اوران کا احترام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔"
مسٹر گٹیرس نے کہا، "میں اگلے ماہ دہشت گردی کے متاثرین کی عالمی کانگریس میں متاثرہ افراد کی ضروریات اور چیلنجوں کے بارے میں براہ راست سیکھنے اور سننے کا منتظر ہوں۔ اس بین الاقوامی دن اور ہر دن پر، آئیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ متاثرین اور زندہ بچ جانے والوں کو ہمیشہ سناجائے اور انہیں کبھی فراموش نہ کیا جائے۔ ہمیں مستقبل میں ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ ہر سال 21 اگست کو دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج عقیدت پیش کرنے کا عالمی دن مناتاہے۔ یہ دنیا بھر میں دہشت گردی سے زخمی، ہلاک ہونے والوں، متاثر ہونے والوں کی عزت، حمایت اور مدد کے لیے منایا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2017 میں اپنی قرارداد 72/165 (2017) کے ذریعے 21 اگست کو دنیا بھر میں دہشت گردی کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے لوگوں، متاثرین کو عزت، حمایت اورمدددینے کے لئےعالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ پہلی بار 2018 میں منایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔