رجنی گندھا، پتی پتنی اور وہ کی ہیروئن ودیا سنہا کا انتقال
فلم’پتی پتنی اور وہ‘ میں سنجیو کمار کے ساتھ فلمایا گیا مشہور گانا ’ٹھنڈے ٹھنڈے پانی سے نہانا چاہیے‘ آج بھی لوگوں کی زبان پر بنا ہوا ہے، ماڈلنگ کے دور میں ودیا نے مس بامبے کا خطاب بھی جیتا تھا۔
ممبئی: رجنی گندھا اور پتی پتنی اور وہ جیسی فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے لاکھوں فلمی شائقین کے دل میں جگہ بنانے والی بزرگ اداکارہ ودیا سنہا کا انتقال ہوگیا۔ پھیپھڑوں اور دل کی بیماری سے متاثرہ 71 سالہ اداکارہ نے جمعرات کو جوہو کے کرٹی کیئر اسپتال میں تقریباً 12 بجے آخری سانس لی۔ سانس لینے میں دقت ہونے پر اداکارہ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھیں۔ اداکارہ نے فلموں کے ساتھ ساتھ چھوٹے پردے پر بہو رانی، ہم دو ہیں نہ، اور بھابھی جیسے سیریلوں میں اپنی امٹ چھاپ چھوڑی۔
ممبئی میں 15 نومبر 1947 کو پیدا ہوئیں ودیا سنہا کی فلم چھوٹی سی بات اور سوئم ور کو بھی لوگوں نے خوب پسند کیا تھا۔ 1974 میں باسو چٹرجی کی فلم رجنی گندھا سے ودیا سنہا پردہ سیمیں پر مقبولیت حاصل کی۔ اس کے بعد 1975 میں ’چھوٹی سی بات‘ سے وہ بالی ووڈ کی نئی سپراسٹار بنیں۔ 1977 میں ان کی چھ فلمیں آئیں لیکن انہیں خاص کامیابی نہیں ملی۔ اس کے بعد 1978 میں آئی پانچ فلموں میں سے ’پتی پتنی اور وہ‘ سے وہ خوب مقبول ہوئیں۔ 1981 میں وہ اچانک فلمی دنیا سے غائب ہوگئیں لیکن پانچ برس بعد 1986 میں پھر واپسی کی اور دو فلموں میں کام کیا لیکن یہ فلاپ رہیں۔
وہ آخری بار ’کلفی کمار باجیوال‘ سیریل میں نظر آئیں تھیں۔ ان کے دادی کے کردار نے چھوٹے پردے کے ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑی تھی۔ فلمی زندگی کی طرح ودیا سنہا کی زندگی بھی کافی اتار چڑھاؤ والی رہی۔ فلمی دنیا میں آنے سے پہلے ہی ان کی ونکٹیشور ایر سے شادی ہوئی تھی۔ 1996 میں ان کے شوہرکا انتقال ہوگیا۔ اس کے بعد 2001 میں اداکارہ نے بھیم راؤ سلونکھے سے شادی کی۔ یہ رشتہ بھی زیادہ نہیں چل سکا اور 2009 میں ٹوٹ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔