فلم ’پٹھان‘ نے 13 دنوں میں کما ڈالے 422 کروڑ روپے، فلم ’کے جی ایف 2‘ کا ریکارڈ توڑنے سے چند قدم دور

فلم ’پٹھان‘ جس رفتار سے کلیکشن کر رہی ہے اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فلم ’کے جی ایف 2‘ کا ورلڈ وائڈ کلیکشن بھی کچھ دنوں میں پیچھے چھوٹ جائے گا۔

شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، تصویر آئی اے این ایس
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ اس وقت سنیما گھروں میں بادشاہت کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ فلم کو ریلیز ہوئے 13 دن ہوئے ہیں اور اس قلیل مدت میں ہی ملکی سطح پر اس کی کمائی تقریباً 422 کروڑ روپے کی ہو گئی ہے۔ ورلڈ وائڈ اگر فلم ’پٹھان‘ کی کمائی پر نظر ڈالی جائے تو یہ تقریباً 960 کروڑ روپے ہے، یعنی 1000 کروڑ روپے کمائی والے کلب میں جلد ہی اس کا شمار ہو جائے گا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلم ’پٹھان‘ مشہور ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی فلم ’کے جی ایف 2‘ کا ریکارڈ منہدم کرنے سے چند قدم دور ہے۔ ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے آج جو ٹوئٹ کیا ہے اس کے مطابق ’پٹھان‘ نے 13ویں دن 8.25 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ فلم کی ہندی زبان میں مجموعی طور پر کمائی 422.75 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ ’کے جی ایف 2‘ کی ہندی زبان میں مجموعی کمائی 434.70 کروڑ روپے تھی۔ اس لحاظ سے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ جلد ہی ’کے جی ایف 2‘ کو پیچھے چھوڑ دے گی۔


فلم ’پٹھان‘ جس رفتار سے کلیکشن کر رہی ہے اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فلم ’کے جی ایف 2‘ کا ورلڈ وائڈ کلیکشن بھی کچھ دنوں میں پیچھے چھوٹ سکتا ہے۔ کچھ رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 960 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ فلم ’کے جی ایف 2‘ کی بات کی جائے تو اس نے ورلڈ وائڈ 1150 کروڑ روپے کا کلیکشن کیا ہے۔ یعنی 200 کروڑ روپے کی کمائی ’پٹھان‘ کو ایک نئے ریکارڈ کا بادشاہ بنا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ہندی زبان میں سب سے زیادہ کمائی کے معاملے میں ’باہوبلی 2‘ سب سے آگے ہے جس نے 510 کروڑ روپے اپنی جھولی میں ڈالے تھے۔ جس رفتار سے فلم ’پٹھان‘ کمائی کر رہی ہے، یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے تو کسی کو حیرانی نہیں ہوگی۔ ’پٹھان‘ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تو پہلے ہی بن چکی ہے، بس ’باہوبلی 2‘ کا ریکارڈ توڑنا دلچسپ ہوگا کیونکہ یہ ہندی میں ڈبنگ کی ہوئی فلم تھی جس نے اپنے وقت میں کمائی کے کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔