یوم اساتذہ: بالی ووڈ فلموں میں استاد کا کردار، ناظرین نے ہمیشہ عزت افزائی کی
ہندی فلم انڈسٹری میں استاد کے کردار کو سامعین ہمیشہ ہی پسند کرتے ہیں اور ان کا احترام بھی کرتے ہیں کیونکہ استاد کے بغیر کسی قوم کی ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
پانچ ستمبر، ٹیچرز ڈے کے موقع پر خصوصی پیشکش
ہندی فلم انڈسٹری میں استاد کے کردار کو سامعین ہمیشہ ہی پسند کرتے ہیں اور ان کا احترام بھی کرتے ہیں کیونکہ استاد کے بغیر کسی قوم کی ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ سال 1954 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جاگِرتی‘ سے لے کر حالیہ برسوں میں آئی فلم ’آرکشن‘ تک استاد کے بااثر کردار کو سلور اسکرین پر پیش کیا گیا ہے۔ والدین کے بعد اگر زندگی پر سب سے زیادہ اثر و رسوخ کسی دوسرے کا پڑتا ہے تو وہ یقیناً استاد ہی ہے۔
فلم ’جاگرتی‘ ممکنہ طور پہلی فلم تھی جس میں استاد اور طالب علم کے رشتوں کو خوبصورتی کے ساتھ پردہ سمیں پر پیش کیا گیا تھا۔ اس فلم میں ابھی بھٹاچاریہ نے استاد کا کردار ا نبھایا تھا۔ موسیقار ہیمنت کمار کی موسیقی میں شاعر پردیپ کا لکھا اور ان کا ہی گایا نغمہ ’آو بچوں تمہیں دکھائے جھانکی ہندوستان کی‘ انتہائی مقبول ہوا تھا۔
سال 1955 میں راج کپور کے بینر تلے بنی فلم ’شری 420‘ یوں تو عشق پر مبنی فلم تھی لیکن اس میں اداکارہ نرگس نے ایسی مثالی ٹیچر کا کردار ادا کیا تھا جو بچوں کو سچائی کا درس دیتی ہے۔ اس فلم میں ان پر فلمایا یہ گیت ’اچك دانا بچك دانا‘ سامعین میں آج بھی مقبول ہے۔
سال 1972 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پریچے‘ میں استاد اور طلباء کے مابین تعلقات کو بہت خوبصورتی کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ فلم میں جتیندرایک ایسے استاد کے کردار میں تھے جو ایک گھر میں بچوں کو پڑھانے کے لئے مقرر کئے جاتے ہیں لیکن بچے اپنی شرارتوں سے انہیں اکثر پریشان کرتے ہیں لیکن جتیندر ہمت نہیں ہارتے اور بالاآخر وہ بچوں کو صحیح راہ پر لے آتے ہیں۔ اسی طرح 1974 میں فلم ’امتحان‘ میں ونود کھنہ نے پروفیسر کا کردار نبھایا جوطالب علموں کو سیدھی راہ پر چلنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ سپراسٹار امیتابھ بچن نےبھی کئی فلموںمیں استاد کے کردار نبھائے ہیں لیکن سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک ‘ خاص طور پر قابل ذکر ہے جس میں انہوں نے ایک ایسے استاد کا کردار پیش کیا تھا جو ذہنی طور پر معذور لڑکی کو پڑھانے کے لئے مقرر کئے جاتے ہیں۔
سال 2011 میں آئی فلم ’آرکشن‘ میں بھی امیتابھ بچن نےاساتذہ کا کردار سلور اسکرین پر پیش کیا ہے۔ ان کے علاوہ اس فلم میں سیف علی خان، پرتیک ببر، دیپیکا پاڈوکون اور منوج واجپائي بھی بچوں کو پڑھاتے نظر آتے هیں۔ ہندی فلمو ں میں ڈائیلاگ کی ادائیگی کے بے تاج بادشاہ راجکمار نے 1981 میں مجرمانہ پس منظر پر بنی فلم ’بلندی‘ میں استاد کے ایک ایسے چیلنجنگ کردار کو نبھایا جو جرم کی دنیا کے سرغنہ کے بیٹے کو صحیح راہ پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود وہ اسے صحیح راہ پر لے آتے ہیں۔
بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے بھی کئی فلموں میں استاد کےکردار نبھائے۔ سال 1992 میں فلم ’چمتکار‘ میں کالج کے کرکٹ کوچ کا کردار، سال 2000 میں فلم ’محبتیں‘ میں موسیقی کے استاد کا کردار نبھا کر ناظرین کو مسحور کر دیا۔ علاوہ ازیں 2006 میں فلم ’چک دے انڈیا‘ میں بھی ہاکی کے کوچ کے کردار میں نظر آئے ۔ یہ کردار کسی بھی اداکار کے لئے چیلنج سے بھرپور ہو سکتا تھا لیکن انہوں نے اس کردار کونبھا کر ناظرین کا دل جیت لیا اور فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔
عامر خان نے 2007 میں فلم ’تارے زمین پر‘ میں استاد کا کردار نبھایا تھا۔ اس فلم کی کہانی ڈسلکسس بیماری میں مبتلا بچے پر مبنی تھی۔ عامر خان کو فلم کی کہانی اتنی پسند آئی کہ انہوں نے نہ صرف اس فلم میں اداکاری کی بلکہ اس کی پروڈکشن اور ہدایتکاری بھی کی۔
بالی ووڈ میں نہ صرف اداکاروں نے بلکہ بہت سی اداکاراؤں نے بھی سلور اسکرین پر کامیابی کے ساتھ ٹیچرز کے کردار ادا کئے ہیں۔ ان اداکاراؤں میں ڈریم گرل ہیمامالنی ( دل لگی، دو اور دو پانچ) سادھنا (اصلی نقلی) ، سمی گریوال (میرا نام جوکر)، راکھی (تپسیا)، شرمیلا ٹیگور (سفر)، سجاتا مہتا (پرتی گھات)، گائتری جوشی (سودیش) نے استاد کے کردار نبھاکر ناظرین کی تعریف حاصل کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔