سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھی سدھارتھ پٹھانی کی درخواست ضمانت ایک سال بعد منظور

جون 2020 میں سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد این سی بی نے ان کے روم میٹ سدھارتھ پٹھانی کو مئی 2021 میں حیدرآباد سے منشیات کے معاملے میں گرفتار کیا تھا، اب ان کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ممبئی ہائی کورٹ نے آج سدھارتھ پٹھانی کو ضمانت دے دی۔ سدھارتھ پٹھانی وہی ہیں جو اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ان کے فلیٹ میں رہتے تھے۔ سوشانت سنگھ راجپوت نے جون 2020 میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔ مبینہ طور پر سدھارتھ نے سب سے پہلے سشانت کی لاش دیکھی تھی۔ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ ریا چکرورتی بھی اس کیس میں ملزم ہیں، جو فی الحال ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ سوشانت کی موت سے متعلق منشیات کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پٹھانی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

سدھارتھ پٹھانی کو مئی 2021 میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے حیدرآباد سے گرفتار کیا تھا۔ اسے عدالتی تحویل میں رکھا گیا۔ اس پر دیگر الزامات کے علاوہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 27 (اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سدھارتھ پٹھانی نے اس کیس میں غلط طریقے سے پھنسنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی تھی۔ اس نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس کبھی کوئی نشہ آور چیز یا کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس کے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی نشاندہی ہو۔ سماعت کے بعد جسٹس بھارتی ڈانگرے کی سنگل بنچ نے پٹھانی کو 50,000 روپے کی ضمانت پر ضمانت دے دی۔

اہم بات یہ ہے کہ جون 2020 میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد این سی بی نے ریا چکرورتی سمیت کئی لوگوں کو گرفتار کیا تھا جن میں سے بیشتر کو ضمانت مل چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔