دلکش اداؤں سے لاکھوں کو دیوانہ بنا گئیں شری دیوی: برسی پر خصوصی پیشکش
شری دیوی کو ایک ایسی اداکارہ کے طورپر یاد کیا جائےگا جنہوں نے اپنی دلکش اداؤں اور زبردست اداکاری سے شائقین کے دلوں میں خاص جگہ بنائی ہے۔
شری دیوی کا اصل نام شری یما ینگرتھا، ان کی پیدائش 13اگست 1963 کو تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوئی تھی۔انہوں نے اپنے سنی کریئر کی شروعات محض چار سال کی عمر میں ایک تمل فلم سے کی تھی۔سال 1976تک شری دیوی نے کئی جنوب ہندوستانی فلموں میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا۔بطور اداکارہ انہوں نے اپنے کریئر کی شروعات تمل فلم مندورو مودیچی سے کی۔
سال 1977میں ریلیز تمل فلم 16بھیانتھنیلی کی کامیابی کے بعد شری دیوی کی شناخت اداکارہ کے طورپر بن گئی۔ہندی فلموں میں بطور اداکارہ شری دیوی نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات سال 1979 میں ریلیز فلم سولہواں ساون سے کی لیکن فلم ناکام ہونے کے بعد انہوں نے اپنا رخ بالی ووڈ چھوڑ کر جنوب ہندوستانی فلموں کی طرف کرلیا۔ 1983میں ایک بار پھر فلم ہمت والا کے ذریعہ ہندی فلموں میں واپسی کی اور فلم کی کامیابی کے بعد بطور اداکارہ وہ ہندی فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
سال 1983 میں شری دیوی کے فلمی کریئر کی ایک اور اہم فلم صدمہ ریلیز ہوئی حالانکہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی لیکن ان کے مداح آج بھی فلم صدمہ کو ان کی بہترین فلموں میں سے ایک مانتے ہیں۔
سال 1986میں ریلیز ہوئی فلم نگینا شری دیوی کے کریئر کی سب سے فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔اس فلم میں انہوں نے ایک اچھادھاری ناگن کا کردار ادا کیاتھا۔فلم میں ان کی اداکاری ،ان کے رقص اور ان کی خوبصورت آنکھوں کے جادو نے مداحوں کا دل جیت لیا تھا۔1987میں ریلیز ہوئی فلم مسٹر انڈیا بھی بے حد کامیاب ثابت ہوئی۔اس فلم میں ان کے ساتھ مرکزی کردار میں انل کپورتھے۔
1989میں فلم چال باز ریلیز ہوئی ۔اس فلم کی کامیابی نے شری دیوی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا اور اسی سمت میں کامیاب فلموں کی فہرست لمبی ہوتی گئی اور فلم چاندنی پردہ سیمیں پر آئی۔یش چوپڑا کی ہدایت میں بنی فلم چاندنی میں شری دیوی ریشی کپور کے ساتھ نظر آئیں۔اس فلم میں نہ صرف اداکاری بلکہ رقص کے لحاظ سے بھی انہوں نے اپنے مداحوں کو لاجواب کردیا۔اس فلم میں اپنی زبردست اداکاری کے لئے شری دیوی کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کےلئے بھی نامزد کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔