سعادت حسن منٹو کی کہانی ’بادشاہت کا خاتمہ‘ پر مبنی ’شارٹ فلم‘ کی شوٹنگ مکمل
اس فلم کے اداکار، اداکارہ نینی تال کے ہی رہنے والے ہیں۔ فلم کے ہدایتکار سنجے بھی نینی تال کے رہنے والے ہیں اور اداکار للت تیواری کے چھوٹے بھائی ہیں۔
ہلدوانی: فلم کے ہدایتکار سنجے تیواری آج کل اپنی پہلی شارٹ فلم 'بادشاہت کا خاتمہ' پر کام کر رہے ہیں۔ یہ فلم اردو کے مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی کہانی ’بادشاہت کا خاتمہ‘ پر مبنی ہے۔ اس فلم کی پوری شوٹنگ نینی تال میں مکمل ہوچکی ہے اور مارچ کے دوسرے ہفتے سے ممبئی میں پوسٹ پروڈکشن کا کام شروع کیا جائے گا۔ شوٹنگ ختم کرنے کے بعد سنجے تیواری نے ہلدوانی میں یواین آئی کے ساتھ بات چیت میں یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً چالیس منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس شارٹ فلم کی پوری شوٹنگ نینی تال کے تلی تال میں واقع بیسک گرلز ہائی اسکول کے ایک کمرے میں اور ملی تال علاقے میں ہانڈی منڈی کے ایک بنگلے میں مکمل ہوئی ہے۔
سال 1993 میں زی ٹی وی پر نشر ہونے والے تارا سیریل میں مرکزی معاون کے طور پر کام کر رہے ہدایت کے شعبہ میں قدم رکھنے والے سنجے کا کہنا ہے وہ پچاس کے عشرے کا ماحول تیار کرنے کے مقصد سے فلم کے پس منظر میں گراموفون، پرانا ٹیلی فون، پنکھا وغیرہ اشیاء کا استعمال کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے مکالمے اردو زبان میں ہیں۔ اس فلم میں سبھاش چندر نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) کے فارغ التحصیل اور نووارد اداکار روحی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کے اداکار، اداکارہ نینی تال کے ہی رہنے والے ہیں۔ فلم کے ہدایتکار سنجے بھی نینی تال کے رہنے والے ہیں اور اداکار للت تیواری کے چھوٹے بھائی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔