ایودھیا میں ہوگی اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ، یوگی حکومت نے دی منظوری!

یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش میں فلم سٹی بنانے کا عزم پہلے ہی ظاہر کیا ہوا ہے، اور ایسے ماحول میں اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ ایودھیا میں کیے جانے کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے جب بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی نئی فلم ’رام سیتو‘ کا پوسٹر ریلیز کیا تھا۔ اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اس فلم کی شوٹنگ ایودھیا میں ہوگی جس کی اجازت یوگی حکومت نے دے دی ہے۔ دراصل اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حال ہی میں ممبئی کا دورہ کیا تھا اور اس دوران ان کی ملاقات اکشے کمار سے بھی ہوئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے دوران اکشے کمار نے فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ ایودھیا میں کرنے کی اجازت مانگی تھی، جسے یوگی جی نے منظوری دے دی۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی آفیشیل کوئی اعلان نہیں ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش میں فلم سٹی بنانے کا عزم پہلے ہی ظاہر کیا ہوا ہے، اور ایسے ماحول میں اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ ایودھیا میں کیے جانے کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ بھگوان رام کے اوپر مبنی ’رام سیتو‘ فلم کی شوٹنگ کو لے کر ایودھیا کا سنت سماج بھی کافی خوش نظر آ رہا ہے۔ سنتوں نے ایک طرف تو یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ ایودھیا میں شوٹنگ کی اجازت دیئے جانے کو خوش آئند قرار دیا ہے، اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ایودھیا کی ترقی کے لیے یہ ایک نیا موقع ہے کیونکہ بھگوان کی زندگی پر مبنی فلموں کی تعمیر سے آنے والی نسلوں کو ایک اچھا پیغام پہنچے گا، ساتھ ہی بھگوان رام سے جڑی تہذیب و ثقافت کے بارے میں بھی لوگوں کو جانکاری ملے گی۔


ہندی نیوز پورٹل ’نیوز18‘ پر ایودھیا میں فلم کی شوٹنگ سے متعلق ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں سریو پر روزانہ آرتی کرانے والے مہنت ششی کانت داس کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’’یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ ایک قابل تعریف قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ کافی دنوں سے کوشش میں تھے کہ ریاست میں فلم سٹی کی تعمیر ہو اور اس طرف یہ ایک بہترین قدم ہے۔ اکشے کمار کے ذریعہ ’رام سیتو‘ فلم کی تعمیر سے یہاں سیاحت کو فروغ ملے گا ہی، ساتھ ہی ایودھیا کو بھی ایک نئی سمت ملے گی۔ اس سے ایودھیا کے تاجروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔‘‘

تپسوی چھاؤنی کے مہنت پرمہنس داس، جو کہ ہندوستان کو ’ہندو راشٹر‘ قرار دیئے جانے کا لگاتار مطالبہ کر رہے ہیں، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ نئے دور کا آغاز ہے۔ فلم اس طرح بننی چاہیے جس سے کہ لوگ اپنی تہذیب و ثقافت اور روایات کے بارے میں جان سکیں، مخلص بن سکیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش میں فلم بنانے کی جو شروعات کی ہے، وہ فلم ’رام سیتو‘ سے ہو رہی ہے، یہ قابل قدر ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ جی کا شکریہ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔