ششی کپور نے کامیابی کے ساتھ پورا کیا چائلڈ ایکٹر سے رومانی ایکٹر بننے کا سفر... خصوصی پیشکش
حکومت ہند نے 2011میں ششی کپور کو پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔2015میں وہ داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفراز کیے گئے تھے۔
ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار ششی کپور ایسے اداکار کے طورپر مشہور ہیں جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً تین دہائیوں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی ہے۔ 18مارچ 1938 کو پیدا ہوئے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا ۔ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔
ششی کپور نے اپنے طویل کریئر کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔چالیس کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ان میں 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔ پچاس کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر سے وابستہ ہوگئے۔اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ شیکسپیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔
بیوی جینیفر کینڈل کا 1984 میں کینسر کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔ اس کا ششی کو بے حد صدمہ پہنچا۔انہوں نے اپنے کیریئر پر توجہ دینی بند کر دی تنہا رہنے لگے تھے۔ ششی کپور اور جینیفر کینڈل کے تین بچے کنال، کرن اور سجنا کپور ہیں۔ 20سال کی عمر میں ہی انہوں نے خود سے تین سال بڑی جینیفر سے شادی کر لی۔ کپور خاندان میں اس طرح کی یہ پہلی شادی تھی۔
ششی کپور ان ہندوستانی اداکاروں میں سے ہیں جنہوں نے برطانوی اور امریکی فلموں میں کام کیا ہے۔ دی ہاؤس ہولڈر (1963)، شیكسپير والا (1965)، بامبے ٹاکیز (1970)، ہیٹ اینڈ ڈسٹ (1982)، جیسی فلموں کا کافی چرچہ رہا۔ ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات 1961میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔ اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ ،ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔1965میں ششی کپور کے کریئر نے اہم موڑ لیا۔اس سال ان کی فلم جب جب پھول کھلےریلیز ہوئی۔بہترین نغموں ،موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔
1965میں ہی ششی کپور کے کریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی ،راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکار تھے۔اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلم ساز اور ہدایت کاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیہ کو بھنایا۔1965سے 1976کے درمیان کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔
80کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور جنون فلم بنائی۔اس کے بعد انہوں نے کلیوگ36چیرنگی لین،وجیتا،اتسو وغیرہ فلمیں بھی بنائیں۔حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔ 1991 میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے اپنی کثیرالمقاصد فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔حالانکہ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔
ششی کپور کے سنی کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔یہ جوڑی سب سے پہلے فلم دیوار میں ایک ساتھ نظر آئی۔بعد میں اس نے ایمان، دھرم،تریشول ،شان ،کبھی کبھی،روٹی کپڑا اور مکان،سوہاگ،سلسلہ،نمک ہلال،کالا پتھر اور اکیلا میں بھی کام کیا اور شائقین کی تفریح کی۔ 90کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کردیا۔1998میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ششی کپور نے تقریباً 200فلموں میں کام کیا ہے۔ششی کپور کو فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
ان کی اہم فلموں میں جب جب پھول کھلے، چوری میرا کام، ترشول، کبھی کبھی، شنکر دادا، دیوار، مقدر،نمک حلال اورپاکھنڈی شامل ہیں، انہوں نے 116 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ،جبکہ ۔61 فلموں میں کلیدی رول ادا کیا ہےاور تقریباً 55فن کاروں کے ساتھ کام کیا۔امیتابھ بچن کے ساتھ فلم دیوار میں کام کیااور ان کا مکالمہ ''میرے پاس ماں ہے '' کافی مشہور ہوا۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور ششی کپور کی جوڑی کافی سراہی گئی اورپسند کی گئی۔
حکومت ہند نے 2011میں ششی کپور کو پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔2015میں وہ داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفراز کیے گئے تھے۔ پرتھوی راج کپور اور راج کپور کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے خاندان کے تیسرے رکن تھے۔ ششی کپور نے 148 ہندی اور بارہ انگریزی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ پردہ سمیں پر محمد رفیع اور دوسرے اہم گلوکاروں کی آواز میں ان کے گائے ہوئے گانے آج بھی سننے والوں کے اندر زندگی سے بھرپور تحریک پیدا کرتی ہے۔ ششی کپور نے 53 فلموں میں محوری کردار اداکیے اور 61 فلموں میں وہ مرکزی کردار کا اہم حصہ رہے ۔ انہوں نے ایک سے زیادہ ستاروں والی دو ہندی فلموں میں کام کیا ۔ 21 ہندی فلموں میں وہ معاون رول میں نظر آئے۔ چار دسمبر شام 5بجکر 20منٹ پر ششی کپور نے آخری سانس لی اور اس دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رخصت ہوگئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔