'پٹھان' میں دیپیکا کے کپڑوں پر تنازع کے درمیان شاہ رخ خان کا پیغام ’چاہے کچھ بھی ہو ہم مثبت رہیں گے‘

کنگ خان نے کہا ’’اس خیال کے برعکس کہ سوشل میڈیا سنیما پر منفی اثر ڈالے گا، سوشل میڈیا نے ہمارے دور کی اجتماعی کہانی کو شکل دی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سنیما کو اب اور بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم 'پٹھان' میں دیپیکا پادوکون کے کپڑوں کی وجہ سے تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ ایک سین کے کپڑوں میں زعفرانی رنگ پر اتنی ہنگامہ آرائی ہو رہی ہے کہ مدھیہ پردیش میں اس پر پابندی تک کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ٹرولرز بھی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، شاہ رخ خان کا بیان سامنے آیا ہے۔ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے ہم جیسے لوگ ہر حال میں مثبت رہیں گے۔

اٹھائسویں کولکاتا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (کے آئی ایف ایف) کے افتتاح کے موقع پر شاہ رخ خان نے کہا، ’’ایک وقت تھا جب ہم مل نہیں پائے لیکن اب دنیا نارمل ہو رہی ہے۔ ہم سب خوش ہیں اور میں سب سے زیادہ خوش ہوں۔ مجھے یہ کہنے میں گریز نہیں ہے کہ دنیا چاہے کچھ بھی کرے، میں اور آپ اور دنیا کے تمام مثبت لوگ زندہ ہیں۔‘‘

کنگ خان نے کہا ’’اس خیال کے برعکس کہ سوشل میڈیا سنیما پر منفی اثر ڈالے گا، سوشل میڈیا نے ہمارے دور کی اجتماعی کہانی کو شکل دی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سنیما کو اب اور بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔"


شاہ رخ خان نے مزید کہا ’’سوشل میڈیا اکثر ایک مخصوص تنگ نظری سے متاثر ہوتا، جو انسانی فطرت کو اس کی بنیاد تک محدود کر دیتا ہے۔ میں نے کہیں پڑھا تھا کہ منفیت سوشل میڈیا کے استعمال کو آگے بڑھاتی ہے۔ اس طرح اس کی تجارتی قدر کو اس طرح کی کوششیں اجتماعی بیانیہ کو نقصان پہنچاتی ہیں، جو طویل مدت میں اسے تفرقہ انگیز اور تباہ کن بناتی ہیں۔"

خیال رہے کہ ایک دن پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے فلم کے گانے 'بیشرم رنگ' میں دیپیکا پادوکون کے رقص، اشاروں اور کپڑوں پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے فلمساز کو خبردار کیا کہ اگر دیپیکا کے کپڑے اور کچھ سین تبدیل نہ کیے گئے تو وہ فلم کو اپنی ریاست میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی نروتم مشرا نے کہا- ’’فلم پٹھان کے گانے میں ٹکڑے-ٹکڑے گینگ کی حامی اداکارہ دیپیکا پادوکون کے کپڑے انتہائی قابل اعتراض ہیں۔‘‘


گانے بیشرم رنگ کے ایک سین میں دیپیکا نے زعفرانی رنگ کی بکنی پہنی ہوئی ہے۔ ہندو مہاسبھا کے قومی صدر سوامی چکرپانی مہاراج نے دیپیکا کی بکنی کے زعفرانی رنگ کے ساتھ ان کے ظاہری لباس پر اعتراض کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ زعفران کا رنگ ہے اور فلم پٹھان میں اس کی توہین کی گئی ہے۔ پٹھان میں زعفرانی رنگ کی توہین ہندوستان برداشت نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ فلم 'پٹھان' 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔