شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے رقم کی تاریخ، پہلے دن 54 کروڑ روپے کی آمدنی
پٹھان باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کاروبار کر رہی ہے۔ فلم نے پہلے دن 54 کروڑ روپے کی آمدنی کی ہے اور شاہ رخ خان کی یہ فلم اب تک کی سب سے بڑی نان ہالیڈے اوپنر بن گئی ہے
ممبئی: شاہ رخ خان، دیپیکا اور جان ابراہم کی فلم ’پٹھان‘ نے پہلے ہی دن باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے اور ہر طرف پٹھان-پٹھان کا شور ہو رہا ہے۔ لوگ تھیٹروں میں رقص کر کے پٹھان فلم کا جشن منا رہے ہیں۔ کہیں پٹاخے تو کہیں فلم پٹھان کا کیک کاٹ کر بھی جشن منایا جا رہا ہے۔ اس فلم کی پہلے دن کی آمدنی سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ لوگ اس فلم کو کتنا پسند کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پٹھان باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کر رہی ہے۔ تجارتی تجزیہ کار رمیش بالا کے مطابق پٹھان نے پہلے دن 54 کروڑ روپے کی آمدنی کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کی فلم اب تک کی سب سے بڑی نان ہالیڈے اوپنر بن گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں پٹھان نے ’کے جی ایف: 2‘ کو بھی پیچھے کر دیا ہے۔ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ کلکشن کے جی ایف کے نام تھا اور اس کے ہندی ورژن نے پہلے دن 53.95 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
کے جی ایف - 2 کے بعد بالی ووڈ کی سب سے بڑی اوپننگ کلیکشن والی فلم ’وار‘ تھی، جس نے پہلے دن 53.35 کروڑ روپے حاصل کئے تھے لیکن اب ان میں ’پٹھان‘ کا نام سرفہرست آ گیا ہے۔ خیال رہے کہ لوگ پٹھان سے اتنے متاثر تھے کہ تھیٹروں میں رات 12.30 بجے بھی پٹھان کے شوز چلائے گئے۔
شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' نے ریلیز کے چند ہی گھنٹوں میں ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ترن آدرش کے مطابق فلم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پی وی آر، آئیوکس اور سینے پولیس کی کمائی کو جوڑ دیا جائے تو 'پٹھان' نے ریلیز کے پہلے دن سہ پہر 3 بجے تک تقریباً 20 کروڑ کی کمائی کی تھی۔ جبکہ، رات 8.15 بجے تک پٹھان کی کمائی 25.05 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔