شاہ رخ خان کو ممبئی ایئرپورٹ پر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے روکا، ایک گھنٹے تک چلی پوچھ تاچھ
شاہ رخ خان اپنی ٹیم کے ساتھ پرائیویٹ چارٹر وی ٹی آر-ایس جی سے دبئی ایک بک لانچ تقریب میں شرکت کرنے گئے تھے، اسی پرائیویٹ چارٹر فلائٹ سے گزشتہ شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے ممبئی لوٹے۔
بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور ان کی ٹیم کو ممبئی ایئرپورٹ پر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے اُس وقت روک لیا جب پتہ چلا کہ انھوں نے کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کی ہے۔ معاملہ جمعہ کی دیر شب کا ہے اور ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ شاہ رخ سے کسٹم افسران نے تقریباً ایک گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی۔ پوچھ تاچھ کے بعد شاہ رخ خان اور ان کی منیجر پوجا ڈڈلانی جب ایئرپورٹ سے نکل رہی تھیں تو فوٹوگرافرس نے دیکھا کہ کنگ خان کے باڈی گارڈ روی اور ٹیم کو کسٹم نے پکڑا ہوا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لاکھوں روپے قیمت کی گھڑیوں کو ہندوستان لانے، بیگ میں مہنگی گھڑیوں کے خالی ڈبے ملنے اور کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کرنے کی وجہ سے شاہ رخ خان سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔
دراصل شاہ رخ خان اپنی ٹیم کے ساتھ پرائیویٹ چارٹر وی ٹی آر-ایس جی سے دبئی ایک بک لانچ تقریب میں شرکت کرنے گئے تھے۔ اسی پرائیویٹ چارٹر فلائٹ سے گزشتہ شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے ممبئی لوٹے۔ ریڈ چینل پار کرتے وقت کسٹم نے شاہ رخ اور ان کی ٹیم کے بیگ میں لاکھوں روپے قیمت کی گھڑیاں دیکھیں۔ اس کے بعد کسٹم نے سبھی کو روک لیا اور بیگ کی جانچ کی گئی۔ جانچ کے دوران بیگ میں کئی مہنگی گھڑیاں (جن میں بابن اینڈ زربک، رولیکس، اسپرٹ وغیرہ کی گھڑیاں شامل تھیں اور ان کی قیمت تقریباً 8 لاکھ روپے ہوگی) پائی گئیں۔ بیگ میں ایپل سیریز کی گھڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔ کسٹم نے جب سبھی گھڑیوں کی قیمت کا اندازہ کیا تو ان پر 17 لاکھ 56 ہزار 500 روپے کی کسٹم ڈیوٹی بنی۔ اس کے بعد ان کروڑوں روپے کی قیمت کی گھڑیوں پر لاکھوں روپے ٹیکس ادا کرنے کی بات کہی گئی۔ گھنٹے بھر چلی کارروائی کے بعد شاہ رخ اور پوجا ڈڈلانی کو ایئرپورٹ سے جانے کی اجازت مل گئی۔ حالانکہ شاہ رخ کے باڈی گارڈ روی اور ٹیم کے دیگر اراکین کو روک لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کی 12 ریاستوں میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ
موصولہ اطلاعات کے مطابق شاہ رخ کے باڈی گارڈ روی نے 6 لاکھ 87 ہزار روپے کا کسٹم ادا کر دیا ہے۔ اس کا بل باڈی گارڈ روی کے نام پر ہی بنا ہے، حالانکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیسے شاہ رخ کے کریڈٹ کارڈ سے ادا کیے گئے ہیں۔ بہرحال، شاہ رخ کے باڈی گارڈ روی کو بھی کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے صبح 8 بجے چھوڑ دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔